QR CodeQR Code

سپریم کورٹ کیجانب سے بلدیاتی انتخابات کا جماعتی بنیادوں پر انعقاد کا فیصلہ خوش آئند ہے، عبدالواسع

30 Nov 2021 19:38

قائمقام امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ حکومت اس بات سے ڈر رہی تھی کہ اگر جماعتی بنیادوں پر انتخابات ہوں گے تو ان کو ناکامی کا سامنا ہوگا۔ ان کے امیدواران بھی عوام کے پاس جانے سے ڈر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے قائم مقام امیر عبدالواسع نے سپریم کورٹ کی جانب سے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے جماعتی بنیادوں پر انعقاد کو خوش آئند اور قابل تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ عوامی حقوق کے حصول میں اہم سنگ میل اور عوام کی فتح ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں بلدیاتی انتخابات کے التوا کی درخواست کا مسترد ہوجانا ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ میں حکومتی موقف کا مسترد ہوجانا حکومتی ناکامی اور شکست ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں قائم مقام امیر صوبہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری کا حلف اٹھانے کے بعد ویڈیو پیغام میں کیا۔ عبدالواسع کا کہنا تھا کہ عدالتی محاذ کے بعد اب حکومت کو بلدیاتی انتخابات میں شکست سے دو چار کریں گے، حکومتی فرار کے تمام راستے بند ہوچکے ہیں۔ کارکنان انتخابات کی تیاریاں مزید تیز کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں جماعت اسلامی کی طرف سے کیس کی پیروی جسٹس (ر) غلام محئی الدین ملک کررہے تھے، جسٹس (ر) ملک غلام محی الدین کو اس اہم کیس کی جیت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کیس کی کامیابی اور حکومت کی ناکامی میں ان کے بہترین دلائل نے بہت بڑا کردار ادا کیا۔ جماعت اسلامی کے کارکنان بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے لئے بھرپور مہم چلائیں۔ ان شاء اللہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔ عبدالواسع نے کہا کہ سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہے، حکومت اس بات سے ڈر رہی تھی کہ اگر جماعتی بنیادوں پر انتخابات ہوں گے تو ان کو ناکامی کا سامنا ہوگا۔ ان کے امیدواران بھی عوام کے پاس جانے سے ڈر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 966227

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966227/سپریم-کورٹ-کیجانب-سے-بلدیاتی-انتخابات-کا-جماعتی-بنیادوں-پر-انعقاد-فیصلہ-خوش-آئند-ہے-عبدالواسع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org