QR CodeQR Code

کراچی دنیا کا تیسرا بڑا شہر لیکن بدقسمتی سے یہاں کوئی مؤثر منصوبہ بندی نہیں، وسیم اختر

30 Nov 2021 23:00

سابق میئر کراچی نے چیئرمین آباد و دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی کے مسائل کے حوالے سے ایک مرتبہ بھر ساتھ بیٹھیں گے اور کراچی کے ماسٹر پلان کے حوالے سے ایک ڈرافٹ سندھ حکومت کیلئے تیار کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر چیئرمین آباد محسن شیخانی نے وفد کے ہمراہ کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی و دیگر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران محسن شیخانی نے نسلہ ٹاور اور کراچی کے ماسٹر کے حوالے سے درپیش مسائل اور تاجر برادری میں پائی جانے والی بے چینی سے آگاہ کیا۔ کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے محسن شیخانی کی گفتگو بغور سنی اور ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کراچی کے مسائل کے حوالے سے اپنے بھرتعاون کا یقین دلایا۔ بعد ازاں ڈپٹی کنوینر و سابق میئر کراچی نے چیئرمین آباد و دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی کے مسائل کے حوالے سے ایک مرتبہ بھر ساتھ بیٹھیں گے اور کراچی کے ماسٹر پلان کے حوالے سے ایک ڈرافٹ سندھ حکومت کیلئے تیار کریں گے اور کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کے حل تک اپنی ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گیں۔ وسیم اختر نے کہا کہ کراچی دنیا کا تیسرا بڑا شہر ہے لیکن بد قسمتی سے اس کا کوئی ماسٹر پلان نہیں، تعلیم، صحت، روزگار سمیت ماسٹر پلان بھی کراچی کا ایک اہم مسئلہ ہے جس کیلئے سندھ حکومت کو فوری اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین آباد محسن شیخانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے تاجروں کو دیگر شہروں سے آفرز آرہی ہیں کہ وہ وہاں آکر کام کریں انکو بہتر ماحول فراہم کیا جائیگا، اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ معیشت ہے اور اگر ہمیں کراچی میں بہتر ماحول فراہم نہیں کیا جاتا تو کراچی شہر میں ہمارے لئے کام کرنا مشکل ہو جائیگا، کراچی ملک کو 70 فیصد کماکر دیتا ہے لیکن بدقسمتی سے کراچی کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے جاتے، میری اعلیٰ حکام سے گزارش ہے کہ کوئی ایسا قانون بنایاجائے جس سے کراچی کی تعمیر و ترقی اور تمام مسائل حل کئے جاسکیں۔


خبر کا کوڈ: 966265

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966265/کراچی-دنیا-کا-تیسرا-بڑا-شہر-لیکن-بدقسمتی-سے-یہاں-کوئی-مؤثر-منصوبہ-بندی-نہیں-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org