QR CodeQR Code

گورنر اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کا وائسرائے اور ملک کو اسکی کالونی بنادیا گیا ہے، صاحبزادہ زبیر

30 Nov 2021 23:15

ایک بیان میں ملی یکجہتی کونسل کے صدر نے کہا کہ مہنگائی، غربت، افلاس، بیروزگاری کی دلدی میں دھنسی ہوئی قوم پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈال کر آئی ایم ایف کے منصوبے کی تکمیل کی جائے گی جو قومی سلامتی کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط مان کر گورنر اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کا وائسرائے اور ملک کو اس کی کالونی بنادیا گیا ہے، 22 کروڑ عوام کا ملک آئی ایم ایف اور یورپی اداروں کے ہاتھ گروی رکھ کر ملک کی سالمیت پر حملے کئے جارہے ہیں، منی بجٹ غریب عوام کے لئے معاشی تباہی کا باعث بنے گا، مہنگائی، غربت، افلاس، بیروزگاری کی دلدی میں دھنسی ہوئی قوم پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈال کر آئی ایم ایف کے منصوبے کی تکمیل کی جائے گی جو قومی سلامتی کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ ایک بیان میں صاحبزادہ محمد زبیر نے کہا کہ ملک و قوم کی سالمیت کو داؤ پر لگاکر حکمران قومی اداروں کو کھوکھلا کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کی نجکاری، کرپشن کا خاتمہ، قومی دولت لوٹنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے، 1 کروڑ نوکریوں کی فراہمی اور 50 لاکھ گھر دینے جیسے خواب کب پورے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشیر خزانہ شوکت ترین نے منی بجٹ کا مژدہ سنا کو قوم کو سخت تشویش میں مبتلا کردیا ہے، ملک پہلے ہی معاشی تباہی اور بربادی کی منظر کشی کررہا ہے، متوسط طبقہ تیزی کے ساتھ غربت کی لکیر سے نیچے جارہا ہے، مڈل کلاس پس کر رہ گئی، والدین اپنے جگر گوشوں کو فروخت کررہے ہیں، مہنگائی اور بیروزگاری کے ستائے ہوئے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، عزتیں پامال ہورہی ہیں، جرائم میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے مگر افسوس طبقہ اشرفیہ کے کانوں پر کوئی جوں تک نہیں رینگتی۔


خبر کا کوڈ: 966267

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966267/گورنر-اسٹیٹ-بینک-کو-آئی-ایم-ایف-کا-وائسرائے-اور-ملک-اسکی-کالونی-بنادیا-گیا-ہے-صاحبزادہ-زبیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org