0
Tuesday 30 Nov 2021 23:19

عراق، قابض امریکی افواج کو نکال باہر کرنے کیلئے سیاسی اتحاد کے قیام پر غور

عراق، قابض امریکی افواج کو نکال باہر کرنے کیلئے سیاسی اتحاد کے قیام پر غور
اسلام ٹائمز۔ متحدہ اسلامی مزاحمتی محاذ کی قریبی عراقی سیاسی جماعتوں نے ملک میں غیر قانونی طور پر موجود امریکی افواج کو زبردستی نکال باہر کرنے کے لئے سیاسی اتحاد تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عراقی سیاسی اتحاد الصادقون کے رکن فاضل جابر نے المعلومہ کے ساتھ گفتگو میں ملک سے امریکی انخلاء کی ڈیڈ لائن کے قریب پہنچ جانے اور اس کے بعد بھی امریکی افواج کے ملک میں موجود رہنے کے ارادے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ امریکی افواج اس مدت کے اختتام کے بعد بھی عراق میں باقی رہنا چاہتی ہیں جبکہ موجودہ حالات میں امریکی افواج کو زبردستی نکال باہر کرنے کا ہر اقدام ملک میں دو دھڑوں کو جنم دے گا۔ انہوں نے عراقی عوام کے احساسات سے کھیلنے اور ملک میں باقی رہنے پر مبنی ہر قسم کی امریکی چال کے بھرپور مقابلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے عراقی سیاسی جماعتوں کا اتحاد ناگزیر ہے۔

دوسری جانب معروف عراقی تجزیہ نگار محمد کریم الساعدی نے بھی اپنی گفتگو میں زور دیتے ہوئے کہا کہ عراق میں موجود امریکی اڈوں میں C-RAM جیسے ہوائی دفاعی سسٹمز کی تنصیب اس بات پر گواہ ہے کہ امریکی ملک میں باقی رہنا چاہتے ہیں اور اس مدت کے اختتام پر بھی یہاں سے نکلنا نہیں چاہتے اور اسی بناء پر عین ممکن ہے کہ آئندہ کچھ ایام میں قابض امریکی افواج کو نکال باہر کرنے کے حوالے سے ملک میں شدید تناؤ بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ اسی طرح عراقی مزاحمتی تحریک عصائب اہل الحق کے سیکرٹری سیاسیات سعد السعدی نے المعلومہ کو بتایا کہ اگر معینہ مدت تک قابض امریکی افواج نے عراقی سرزمین کو ترک نہ کیا تو مزاحمتی محاذ سیاسی اتحاد کی مدد سے قابض امریکی افواج کے خلاف کھلی جنگ کا اعلان کر دے گا۔ انہوں نے تاکید کی کہ عراقی وزیر اعظم نے واشنگٹن کے ساتھ معاہدہ کیا ہے کہ امریکی افواج جاری سال کے آخر تک ملک سے نکل جائیں گی جبکہ مزاحمتی محاذ نے فیصلہ کر رکھا ہے کہ جاری سال کے آخر تک ملکی سفارتکاری کو اس بات کا پورا موقع فراہم کیا جائے کہ وہ امریکی فورسز کے انخلاء کے بارے دستخط ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنا کردار اچھی طرح نبھا لے جس کے بعد عراقی مزاحمتی محاذ کی جانب سے ملک میں امریکی افواج کی موجودگی کو اعلان جنگ تصور کرتے ہوئے انہیں زبردستی نکال باہر کرنے کے لئے کھلم کھلا جنگ کا اعلان کر دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 966268
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش