0
Wednesday 1 Dec 2021 00:20

ضمنی انتخابات میں انسانی ضمیروں کی خریدو فروخت نے کرپٹ نظام کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا، میاں نور احمد سہو

ضمنی انتخابات میں انسانی ضمیروں کی خریدو فروخت نے کرپٹ نظام کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا، میاں نور احمد سہو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر میاں نور احمد سہو نے کہا ہے کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں انسانی ضمیروں کی خرید وفروخت نے کرپٹ اور فرسودہ نظام کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ جب دولت کے بل بوتے پر انسانی ضمیروں کو خرید کر اقتدار کے ایوانوں تک پہنچا جائے گا تو حقیقی جمہوریت کیسے پروان چڑھے گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 2013ء میں ہی بتا دیا تھا کہ موجودہ نظام انتخابات انسانی منڈی اور بڑے کاروبار کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ جس کے ذریعے لوگ کروڑوں روپے لگا کر پارلیمنٹ میں پہنچتے ہیں اور کرپشن کے ذریعے اربوں روپے کماتے ہیں۔ ایسے حالات میں ایک عام باصلاحیت اور اعلی تعلیم یافتہ شہری انتخابات میں حصہ لینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ جب تک انتخابی اصلاحات کے ذریعے کرپٹ عناصر کا راستہ نہیں روکا جاتا اس وقت تک صالح قیادت آگے نہیں آسکتی۔

میاں نور احمد سہو نے کہا کہ ملکی نظام کو درست کرنے کیلئے صالح اور باصلاحیت قیادت کا پارلیمنٹ میں پہنچنا ضروری ہے اور یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک الیکشن سے دھن، دھونس اور دھاندلی کو ختم نہیں کیا جاتا۔ پاکستان میں شفاف انتخابات کیلئے الیکڑونک مشین کی بجائے  آئین کے آرٹیکل 62,63 کو اس کی حقیقی روح کے مطابق نافذ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک موجودہ کرپٹ فرسودہ اور ظالمانہ نظام کو تبدیل کرنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور وہ وقت دور نہیں جب اس ملک سے جمہوریت کے نام پر لوٹ مار اور دھن،دھونس دھاندلی کا خاتمہ ہوگا اور حقیقی عوامی نمائندے پارلیمنٹ میں پہنچ کر عوام کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 966286
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش