0
Wednesday 1 Dec 2021 09:54

وانا، ٹور دی وزیرستان قومی سائیکل ریس اختتام پذیر

وانا، ٹور دی وزیرستان قومی سائیکل ریس اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ پہلی کمشنر ٹور دی وزیرستان سائیکل قومی ریس ریلی امن اور خوشیوں کے رنگ بکھیرتے ہوئے جنوبی وزیرستان کے علاقہ وانا سپورٹس کمپلیکس میں اختتام پذیر ہو گئی ہے۔ سائیکل ریس ریلی کاتیسرا اور آخری مرحلہ گومل زام ڈیم سے شروع ہوا اور وانا میں اختتام پذیر ہوا۔ جنوبی وزیرستان میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے خیبر پختون خواہ کلچر اینڈ ٹور ازم اتھارٹی، پاکستان اور خیبر پختون خواہ سائیکلنگ فیڈریشن، ایف سی ساؤتھ، افواج پاکستان اور کمشنر ڈیرہ اسماعیل کےباہمی اشتراک سے پہلی کمشنر  ٹور دی وزیرستان تین روزہ قومی سائیکل ریس ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تین روزہ سائیکل ریس ریلی میں خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان، پی او ایف واہ اور گلگت بلتستان سائیکلنگ اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد قومی سائیکلسٹ نے حصہ لیا تھا۔

ریلی کے پر امن انعقاد کےلئے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے۔ ریس ریلی کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پہلا مرحلہ ڈیرہ اسماعیل خان سے ٹانک، دوسرا مرحلہ ٹانک سے گومل زام ڈیم جبکہ تیسرا اور آخری مرحلہ گومل زام ڈیم سے جنوبی وزیرستان کے علاقہ وانا تک کا تھا۔ ان تینوں مرحلوں کے دوران ایف سی ساؤتھ اور افواج پاکستان کی جانب سے مختلف مقامات پر رنگارنگ تقاریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس میں سول سوسائٹی، سکولوں کے بچوں، معززین علاقہ، شہریوں، ایف سی ساؤتھ اور افواج پاکستان کے اعلی حکام نے مہمان سائیکلسٹ کا تاریخی استقبال کیا اور مرحلہ وار جیتنے والے سائکلسٹ میں انعامات تقسیم کئے۔ قومی  سائیکلسٹ نے آخری مرحلہ میں  گومل زام ڈیم سے وانا تک 56 کلو میٹر کا سفر طے کیا۔

تیسرے مرحلہ کی اختتامی تقریب وانا سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جس میں کمشنر ڈیرہ عامر لطیف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان خالد اقبال، کمانڈنگ آفیسر 25 سندھ رجمنٹ لیفیٹنٹ کرنل شیر عالم خان، ضلعی پولیس سرنراہ خانزیب مہمند، اسسٹنٹ کمشنر وانا بشیر خان کے علاوہ قبائلی عمائدین اور شہریوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ سکولوں کے طلباء کی شرکت نے اختتامی تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔ اس موقع پر بچوں  نےمہمان سائیکلسٹ کے استقبال کےلئے مختلف پروگرامات بھی کئے۔ ٹور دی وزیرستان سائیکل ریس ریلی سندھ سے تعلق رکھنے والے سائیکلسٹ علی الیاس نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سائیکلسٹ عبدالواحد نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

ریس ریلی میں خیبر پختون خواہ کی گرین  سائیکلسٹ ٹیم رنر اپ اور چیمپین بلوچستان ونر ٹیم کی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ کمشمر ڈیرہ نے ریس میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اس موقع پر آئی جی ایف سی ساؤتھ کی جانب سے کھلاڑیوں کےلئے بھجوائے گئے تحائف بھی کھلاڑیوں میں تقسیم کئے گئے۔ طلباء کی بہترین کارکردگی پر پچاس ہزار روپے کا اعلان بھی کیا گیا۔ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عامر لطیف نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی وزیرستان کےلئے ٹور دی وزیرستان ریلی کا پر امن انعقاد اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ جنوبی وزیرستان ایک پر امن علاقہ ہے اور اس ریلی میں شامل ساییکلسٹ نے دنیا کو  خوشحالی اور امن کا ہیغام دیا ہے۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ شہریوں سول سوسائیٹی ایف سی ساؤتھ، افواج پاکستان سول انتظامیہ کے اعلی حکام شہریوں اور سکولوں کے بچوں نے مہمان سائیکلسٹ کا جس انداز سے شاندار استقبال کیا وہ قابل ستائش اور قابل تعریف ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان کے لوگ پر امن ہیں، یہ علاقہ سیاحتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے بہت ہی اہمیت کا حامل ہے۔ کھیلوں اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بنیادی اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ علاقہ کی عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کرنے سمیت علاقہ میں ترقی اور خوشحالی کے اسباب پیدا کئے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلی ہر سال منعقد کی جائیگی اور اگلی بار زیادہ سے زیادہ ٹیموں کو ریلی مدعو کیا جائیگا۔ سائیکلسٹ کا کہنا تھا کہ ریلی کے پر امن اور کامیاب انعقاد پر آئی جی ایف سی ساؤتھ  میجر جنرل محمد منیر، سیکٹر کمانڈر ساؤتھ بریگیڈئیر نیک نام محمد بیگ، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عامر لطیف، کمانڈنگ آفیسر 25 سندھ رجمنٹ لیفیٹنٹ کرنل شیر عالم خان، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور جنوبی وزیرستان کی پولیس و ضلعی انتظامیہ کے حکام،قانون نافذ کرنے والے اداروں ںسمیت عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی کاوشوں کی بدولت ٹور دی وزیرستان سائیکل ریس ریلی خوشیوں اور امن کے رنگ بکھیرتے ہوئی اختتام پذیر ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 966317
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش