QR CodeQR Code

معطل ارکان پارلیمنٹ کارروائی کیخلاف پارلیمنٹ کے احاطے میں دھرنے پر بیٹھے

1 Dec 2021 19:03

راجیہ سبھا میں اپوزیشن سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے اور کئی دیگر پارٹیوں کے لیڈر بھی حمایت میں پہنچے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ راجیہ سبھا کے تمام 12 معطل ارکان پارلیمنٹ کی معطلی واپس لی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران راجیہ سبھا میں ’غیر مہذب برتاؤ‘ کی وجہ سے معطل کئے گئے 12 اراکین پارلیمنٹ بدھ کو اس کارروائی کے خلاف پارلیمنٹ کے احاطے میں دھرنے پر بیٹھ گئے ہیں۔ دھرنے پر بیٹھے ارکان پارلیمنٹ معطلی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سیشن کے دوران ہر روز صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھرنے پر بیٹھیں گے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی بھی معطلی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور وہ ممبران پارلیمنٹ کی حمایت کے لئے پہنچے۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے اور کئی دیگر پارٹیوں کے لیڈر بھی حمایت میں پہنچے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ راجیہ سبھا کے تمام 12 معطل ارکان پارلیمنٹ کی معطلی واپس لی جائے۔ ہم میٹنگ کے بعد حکمت عملی طے کریں گے۔

دھرنے پر بیٹھی ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ ڈولا سین نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کی معطلی حکومت کی تکبر کو ظاہر کرتی ہے۔ جب بی جے پی اپوزیشن میں تھی تو وہ بھی پارلیمنٹ کی کارروائی متاثر کرتے تھے۔ جب تک ہمیں انصاف نہیں ملتا ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔ دراصل اگست کے مہینے میں مانسون اجلاس کے دوران ان تمام ممبران پارلیمنٹ پر راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ کرنے اور مارشلوں کے ساتھ ہاتھا پائی کا الزام لگا تھا۔ ایک بل پر بحث کے دوران ارکان پارلیمنٹ نے کاغذات پھاڑ دیئے تھے اور دھکا مکی کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 966426

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966426/معطل-ارکان-پارلیمنٹ-کارروائی-کیخلاف-کے-احاطے-میں-دھرنے-پر-بیٹھے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org