QR CodeQR Code

حکومت نے عوام کو صرف مہنگائی اور بے روزگاری کے تحفے دئیے، عبدالواسع

1 Dec 2021 22:42

قائمقام امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار عوام کے پاس جانے سے ڈرتے ہیں، بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے کی حکومتی کوشش ناکام بنادی ہے، اب ووٹ کے ذریعے ان سے مہنگائی، بے روزگاری اور ملک سالمیت کو داؤ پر لگانے کا انتقام لینا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے قائم مقام امیر عبدالواسع نے کہا ہے کہ حکومتی پارٹی کے امیدوار ناقص حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے آزاد نشانات کے پیچھے پناہ لے رہے ہیں، حکومت نے عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے تحفے دئیے جس کی وجہ سے آج بیٹ کے نشان پر کوئی بھی انتخاب لڑنے کو تیار نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار عوام کے پاس جانے سے ڈرتے ہیں، بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے کی حکومتی کوشش ناکام بنادی ہے، اب ووٹ کے ذریعے ان سے مہنگائی، بے روزگاری اور ملک سالمیت کو داؤ پر لگانے کا انتقام لینا ہے۔ پی ٹی آئی کو جس طرح سپریم کورٹ میں شکست ہوئی اسی طرح 19 دسمبر کو انہیں الیکشن کے میدان میں بھی شکست دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں تحصیل کونسل کی انتظامی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالواسع نے کہا کہ کرپشن، مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان نے 22 کروڑ عوام کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے، وزیراعظم اور ان کی ٹیم مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تبدیلی اور ریاست مدینہ کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے، سوا تین سالوں میں حکومت نے عوامی فلاح کے لیے ایک قدم نہیں اٹھایا، حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا۔ آئندہ قسط کی بحالی کے لیے تمام شرائط قبول کر لی گئیں، جس سے مزید مہنگائی ہو گی۔ بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ پہلے ہی عذاب سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کا قبضہ ہے، جنہوں نے عوام کے وسائل کو ہڑپ کر رکھا ہے، سات دہائیاں گزر گئیں عوام کو ان کے بنیادی حقوق نہیں ملے، ہر الیکشن میں قوم کے ساتھ دھوکا ہوتا ہے۔ پی ٹی آئی بڑے بڑے دعوے کر کے اقتدارمیں آئی، مگر سوا تین سالوں میں اس نے نااہلی اور ناکامی کے داستانیں رقم کیں۔ پی ٹی آئی اور سابقہ حکمران جماعتوں میں کوئی فرق نہیں۔ 


خبر کا کوڈ: 966463

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966463/حکومت-نے-عوام-کو-صرف-مہنگائی-اور-بے-روزگاری-کے-تحفے-دئیے-عبدالواسع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org