QR CodeQR Code

پشاور، پیپلز پارٹی کا مہنگائی کے طوفان کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان

2 Dec 2021 00:43

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی پی چئیرمین بلاول زرداری نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئی ایم ایف ڈیل سے باہر آجائے، جس نے عوام کی زندگی جہنم بنا کر رکھ دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے 54ویں یوم تاسیس کے موقع پر پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور گیس بحران پیدا کرنے پر حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئی ایم ایف ڈیل سے باہر آجائے، جس نے عوام کی زندگی جہنم بنا کر رکھ دی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پیپلزپارٹی نے اپنا یوم تاسیس خیبر پختونخوا میں منایا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے جیالوں اور پاکستان کے عوام کو پارٹی کا یوم تاسیس منانے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، غریبوں اور کچلے ہوئے عوام کی پارٹی ہے۔ انہوں نے ان لوگوں کو بھی اس موقع پر یاد کیا، جنہوں نے جمہوریت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ چیئرمین پی پی نے کے پی کے پارٹی کے لیڈر رحیم داد خان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے عوام نے ہمیشہ شہید قائد عوام، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور صدر زرداری کو سپورٹ کیا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اپنی شہادت سے ایک دن قبل کے پی میں موجود تھیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جس طرح کے پی کے عوام نے ماضی میں پیپلزپارٹی کی قیادت کو مایوس نہیں کیا، اسی طرح کے پی کے عوام انہیں بھی مایوس نہیں کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت نہیں چاہتی تھی کہ یہ جلسہ ہو اور انتظامیہ نے جلسے کی راہ میں روڑے اٹکائے، لیکن بہادر جیالوں نے ساری مشکلات عبور کرکے یہ عظیم الشان جلسہ منعقد کیا۔ کچھ روز قبل اسی مقام پر کے پی کے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ نے جلسہ منعقد کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ ناکامی سے دوچار ہوئے۔ پی ڈی ایم کے جلسے کے متعلق انہوں نے کہا کہ اسی مقام پر اتنی ساری پارٹیوں نے جلسہ کرنے کی کوشش کی، لیکن انہیں عوام کی مدد حاصل نہیں ہوسکی اور ہمارے جلسے نے اس جلسے کو گہنا دیا۔


خبر کا کوڈ: 966480

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966480/پشاور-پیپلز-پارٹی-کا-مہنگائی-کے-طوفان-کیخلاف-احتجاجی-مظاہروں-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org