QR CodeQR Code

اسٹیبلشمنٹ کو جانبدار چھوڑ کر قومی اور غیرجانبدار کردار ادا کرنا ہوگا

 قومی قیادت نے بحران کے خاتمہ کے لیے حل نہ نکالا تو ملک دیوالیہ ہوگا، لیاقت بلوچ 

1 Dec 2021 23:52

جماعت اسلامی کے نائب امیر نے اپنے بیان میں کہا کہ اقتصادی حالات کو سنبھالنے کے لیے دوست ملکوں سے قرضہ اور آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط کے سامنے حکومتی سرنڈر معیشت کو مزید تباہ کرے گا، اقتصادی بحران کی صورت حال گھمبیر ہے، پی ٹی آئی حکومت کی ساکھ زمین بوس ہوچکی۔ 


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران سرکار آئندہ انتخابات چوری کرنے کے لیے ہر حربہ طے کر رہی ہے، انتخابی اصلاحات کے لیے متفقہ قومی پالیسی کے لیے تمام جمہوری قوتوں، حکومت اور ریاست کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔ حکومتی اقدامات غیرآئینی اور غیرجمہوری ہیں۔ حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نشانہ بنا رہی ہے، مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی این اے 133کے ضمنی انتخابات میں ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کی دھوم دھام سے تدفین کر رہی ہیں۔ جماعت اسلامی قومی متفقہ انتخابی اصلاحات اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے لیے ملک گیر مہم چلائے گی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، افراطِ زر اور یوٹیلٹی بلز کا بوجھ اس قدر بڑھ گیا ہے، جس کا چھوٹے موٹے ریلیف سے عوام کو کوئی سہولت نہیں ملے گی۔ اقتصادی حالات کو سنبھالنے کے لیے دوست ملکوں سے قرضہ اور آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط کے سامنے حکومتی سرنڈر معیشت کو مزید تباہ کرے گا۔ اقتصادی بحران کی صورت حال گھمبیر ہے، پی ٹی آئی حکومت کی ساکھ زمین بوس ہوچکی، قومی قیادت نے بحران کے خاتمہ کے لیے حل نہ نکالا تو ملک دیوالیہ ہوگا۔ ایٹمی صلاحیت رول بیک، فوجی صلاحیت مفلوج کرنے کا دبائو بڑھ جائے گا۔ اسٹیبلشمنٹ کو جانبدار چھوڑ کر قومی اور غیرجانبدار کردار ادا کرنا ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے بلوچستان گوادر میں کئی روز سے جاری گوادر کو حق دو دھرنے کے مطالبات پر وفاق، صوبہ اور سرکاری اداروں کی بے حسی کو شرم ناک قرار دیا۔ خواتین، مرد، نوجوان اور ماہی گیر سراپا احتجاج ہیں۔ مولانا ہدایت الرحمن کی قیادت میں عوامی مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔ سی پیک منصوبہ کے ثمرات کا پہلا حق گوادر کے عوام کا ہے۔


خبر کا کوڈ: 966486

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966486/قومی-قیادت-نے-بحران-کے-خاتمہ-لیے-حل-نہ-نکالا-ملک-دیوالیہ-ہوگا-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org