QR CodeQR Code

بغداد کا ملک سے امریکی فوجی انخلاء پر عملدرآمد پر زور

2 Dec 2021 01:36

اسلامی مزاحمتی گروہوں کی رابطہ کمیٹی کی وارننگ کے بعد عراق کی قومی سلامتی کے مشیر نے نیٹو کے فوجی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے جلد از جلد ملک سے امریکہ کے فوجی انخلاء پر مبنی منظور شدہ پارلیمانی بل پر عملدرآمد پر زور دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق عراق کے میڈیا ذرائع نے خبر دی ہے کہ ملک کی قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی نے نیٹو کے فوجی وفد کے کمانڈر مائیکل اینکر سے ملاقات کی ہے اور عراق سے جلد از جلد امریکہ کے فوجی انخلاء پر زور دیا ہے۔ عراق کی قومی سلامتی کے مشیر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیانیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقوں نے اس ملاقات میں عراق اور نیٹو کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور مشارکت پر زور دیا ہے۔ اس بیانیے میں کہا گیا ہے کہ عراق کی قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی نے پارلیمنٹ سے امریکہ کے فوجی انخلاء پر مبنی منظور شدہ بل پر جلد از جلد عملدرآمد پر زور دیا ہے اور اس سال کے آخر تک غیر ملکی مسلح افواج کے انخلا کی تکمیل پر تاکید کی ہے۔ انہوں نے ایسے بیانات نہ دینے پر بھی زور دیا ہے جو باہمی معاہدے سے تضاد پر مبنی ہوں۔
 
قاسم الاعرجی نے نیٹو کے کمانڈر سے ملاقات کے دوران کہا: "عراق کی مسلح افواج بہت حد تک تجربہ کار ہو چکی ہیں اور اب وہ داعش کے خلاف لڑنے کی صلاحیت حاصل کر چکی ہیں۔ اسی طرح ان کے پاس دہشت گرد عناصر کے خاتمے کیلئے مناسب جنگی سازوسامان بھی موجود ہے۔" عراق کی قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ نیٹو کے ساتھ ہمارا تعاون صرف ٹریننگ اور فوجی مشاورت کی حد تک محدود ہو جائے گا۔ یاد رہے حال ہی میں اسلامی مزاحمتی گروہوں کی رابطہ کمیٹی نے خبردار کیا تھا کہ اگر امریکی فوجیوں سمیت غیرملکی فوجی دسمبر کے آخر تک ملک چھوڑ کر چلے نہیں جاتے تو انہیں جارح دشمن سمجھ کر ان کے خلاف مسلح کاروائیاں کی جائیں گی۔ اس وارننگ کے بعد سید الشہداء بٹالینز کے جنرل سیکرٹری نے اسلامی مزاحمتی گروہوں کو ہائی ریڈ الرٹ رہنے کا حکم دیا تھا۔
 
امریکہ کی مسلح افواج 2014ء میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف مدد کیلئے عراقی حکومت کی درخواست پر اس ملک میں بھیجی گئی تھیں۔ اس وقت عراق کے ایک تہائی حصے پر داعش کا قبضہ تھا۔ امریکہ نے داعش سے مقابلے کے بہانے ایک اتحاد تشکیل دیا جس کی روشنی میں 3 ہزار غیرملکی فوجی عراق بھیجے گئے جن میں سے 2500 امریکی فوجی تھے۔ اگرچہ امریکہ اور عراق کے درمیان عراق سے امریکی فوجی انخلاء کے بارے میں اسٹریٹجک مذاکرات کی کئی نشستیں انجام پا چکی ہیں لیکن امریکہ فوجی انخلاء پر عملدرآمد کیلئے ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔ عراقی پارلیمنٹ نے جنوری 2020ء میں امریکی ڈرون طیاروں کے ذریعے بغداد میں شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کی شہادت کے بعد حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ جلد از جلد ملک سے امریکہ سمیت تمام غیرملکی افواج کے انخلاء پر عملدرآمد کرے۔


خبر کا کوڈ: 966502

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966502/بغداد-کا-ملک-سے-امریکی-فوجی-انخلاء-پر-عملدرآمد-زور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org