0
Thursday 2 Dec 2021 12:50

اشرف آصف جلالی نے پیر عرفان مشہدی کو عقائد اہلسنت سے منحرف قرار دیدیا

اشرف آصف جلالی نے پیر عرفان مشہدی کو عقائد اہلسنت سے منحرف قرار دیدیا
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یارسول اللہ اور تحریک صراط مستقیم کے زیراہتمام ’’کل پاکستان تحفظ عقائد اہلسنت کنونشن‘‘ کا انعقاد ابراہیم میرج ہال کینال بینک لاہور میں کیا گیا۔ کنونشن کی صدارت بلوچستان کی روحانی شخصیت پیر سید بہادر شاہ جیلانی نے کی۔ آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں سے سینکڑوں علماء و مشائخ، مفتیان کرام، شیوخ الحدیث، اعتقادی ماہرین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے اہلسنت و جماعت کیلئے اعلامیہ تحفظ عقائد پیش کیا۔ اعلامیہ پر سینکڑوں علماء و مشائخ اور مفتیان کرام نے نہ صرف دستخط کرکے اس کی تائید کی بلکہ اس کی ترویج و اشاعت کو لازمی قرار دیا۔

کل پاکستان تحفظ اہلسنت کنونشن میں اعلامیہ کے بعد حالیہ دنوں میں مرکز اہلسنت بریلی شریف سے صادر کیا گیا ایک اہم اعتقادی فتویٰ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے شرکائے کنونشن کے سامنے پیش کیا۔ تمام علماء و مشائخ نے ہاتھ کھڑے کرکے اس فتوے کی حمایت کی اور بعض ازاں اس پر دستخط کئے۔ اشرف آصف جلالی نے کہا کہ بعض عقائد اہلسنت سے انحراف پر مرکز اہلسنت بریلی شریف بھارت سے عرفان شاہ مشہدی اور اسکے حامیوں اور پیروکاروں کیخلاف بڑی تحقیق کے بعد تمام مفتیان بریلی شریف کے اتفاق سے فتویٰ دیا گیا ہے جس میں عرفان شاہ مشہدی اور اس کے ہمنواؤں کو کلمات کفر و ضلالت اور باطل نظریات سے اعلانیہ توبہ اور تجدید ایمان کا حکم دیا گیا۔

شرکائے کنونشن نے مرکز اہلسنت بریلی شریف کے مفتیان کرام اور سجادگان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اہلسنت نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اکابرین اہلسنت کے راستے سے ہٹنے والوں کا محاسبہ کیا، انہیں دعوتِ توبہ دی اور نظریاتِ اہلسنت کی طرف واپسی کی تنبیہ کی۔ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کے اعلامیہ تحفظ عقائد اور فتویٰ بریلی شریف کی حمایت میں جن لوگوں نے کنونشن میں خطاب کئے، ان میں خواجہ افتخار الحسن سجادہ نشین آستانہ عالیہ سواگ شریف، جامعہ رضویہ مظہر الاسلام فیصل آباد کے شیخ الحدیث مفتی سعید قمر سیالوی، مفتی لطف اللہ بصیر پوری، شیخ الحدیث علامہ غلام قادری صدیقی شامل تھے۔ کنونشن میں علمائے کشمیر کی نمائندگی ڈاکٹر عبدالقدوس آف راولا کوٹ، خیبر پختونخوا کے علماء و مشائخ کی نمائندگی پیر سید ظفرعلی شاہ بنوری آف کوہاٹ، بلوچستان کے علماء و مشائخ کی نمائندگی پیر سید بہادر شاہ جیلانی آف خضدار اور کراچی اور سندھ کے علماء و مشائخ کی نمائندگی مفتی محمد بشیر القادری نے کی۔
 
کنونشن میں سادات کرام کی نمائندگی کرتے ہوئے پیر سید فضل قدیر شاہ نے خطاب کیا۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنماء قاری محمد زوار بہادر، سنی جماعت پاکستان کے سربراہ مفتی مختار علی رضوی، آستانہ عالیہ کوٹلہ شریف کے زیب سجادہ مفتی میاں تنویر کوٹلوی نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن میں آستانہ عالیہ ہمدم شریف کے سجادہ نشین پیر محمد اقبال ہمدمی، پیر محمد امین اللہ نبیل سیالوی، حضرت علامہ پیر عبد الرشید اویسی، صاحبزادہ پروفیسر ضیاء المصطفیٰ منور، آستانہ عالیہ مرشد آباد کے سجادہ نشین صاحبزادہ مسرور الحسن، آستانہ عالیہ شادی وال شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ فیض الحسن شاہ، آستانہ عالیہ چوک اعظم لیہ کے زیب سجادہ میاں محمد علی نقشبندی، آستانہ عالیہ نقشبندیہ چنیوٹ کے سجادہ نشین خواجہ محمد یوسف نقشبندی، شیخ الحدیث مفتی محمد عمر حیات باروی، مفتی محمد حق نواز چشتی، پیر گلزار احمد خلیفہ مفتی اعظم ہند، پیر سید محمد عارف شاہ، پیر سید محمد عبد اللہ خوارزمی، علامہ عباد الرحمن مردانوی، پیر محمد خالد رضوی، سائیں محمد خلیق الزمان سلیمانی و دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 966547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش