QR CodeQR Code

تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے قوم کو مایوس کیا، جماعت اسلامی

2 Dec 2021 22:52

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ حکمرانوں کے دعوؤں کے برعکس مہنگائی و بیروزگاری نے غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، تبدیلی کا نعرہ عملی طور تباہی و بربادی ثابت ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے قوم کو مایوس کیا ہے، حکمرانوں کے دعوؤں کے برعکس مہنگائی و بیروزگاری نے غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، تبدیلی کا نعرہ عملی طور تباہی و بربادی ثابت ہوا ہے، اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو بحران اور عوام کو مسائل سے نجات دلا سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی کنڈیارو میں ضلع نوشہرو فیروز کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں ضلعی نظم و امراء مقامات کے علاوہ صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو، سابق چیئرمین بلدیہ سردار اکبر اجن ایڈووکیٹ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ امیر ضلع شبیر احمد خانزادہ ایڈووکیٹ نے ضلعی کی تنظیمی و سیاسی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔

محمد حسین محنتی نے ذمہ داران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اصلاح معاشرہ اور مخلوق خدا کی خدمت کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کی منصوبہ بندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ دین کی دعوت کیلئے میدان میں نکلنا پڑتا ہے، مسائل و مشکلات آتے رہتے ہیں، اللہ کی راہ میں خرچ کرنا آخرت کی سرمایہ کاری ہے، مطالعہ و لٹریچر سے انسان کو روحانی غذا ملتی ہے، کارکنان مایوسی کے اس ماحول میں عوام کیلئے امید کی شمع بن جائیں۔


خبر کا کوڈ: 966630

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966630/تحریک-انصاف-اور-پیپلز-پارٹی-نے-قوم-کو-مایوس-کیا-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org