0
Thursday 2 Dec 2021 23:30

قم میں معروف پاکستانی شاعر کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم کی نمائش

قم میں معروف پاکستانی شاعر کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم کی نمائش
اسلام ٹائمز۔ ایران کے شہر قم میں مقیم پاکستانی شاعر احمد حسینی شہریار کے حالاتِ زندگی پر مبنی دستاویزی فلم بعنوان "از تبار اقبال" کی قم میں شعرائے ہند و پاک سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی موجودگی میں نمائش کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق، اس دستاویزی فلم کے ہدایتکار محمد رضا کمیلی ہیں اور اس فلم میں اردو ادب اکادمی کے سربراہ ڈاکٹر افتخار حسین عارف اور فارسی ادب اکادمی کے سربراہ ڈاکٹر حداد عادل جیسی عظیم شخصیات نے احمد شہریار کی شعری شخصیت کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اس دستاویزی فلم کی نمائش کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے معروف شاعر استاد محمد علی مجاہدی نے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اقبال لاہوری کو پاکستان میں بہت بلند ادبی مقام اور مرتبہ حاصل ہے اور ان کے اشعار کو ایران میں بھی پذیرائی ملی ہے۔ ایرانی شاعر نے کہا کہ احمد شہریار ایک متواضع جوان ہیں، جس نے شاعری کی راہ میں ترقی کے لئے بہت سی مشکلات کو برداشت کیا ہے۔

سامعین اور ناظرین نے اقبال کے طرز تفکر پر شعر کہنے والے شاعر احمد حسینی شہریار کی دستاویزی فلم میں ان کی نشیب و فراز پر مشتمل زندگی کو دیکھا اور پاکستانی طلباء کے طرز زندگی سے بھی کسی حد تک واقف ہوئے۔ دستاویزی فلم کے ڈائریکٹر نے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دستاویزی فلم کو بنانے میں ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ہم خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ یہ فلم ہماری پوری ٹیم کی کارکردگی اور تعاون سے مکمل ہوئی۔ کمیلی نے کہا کہ جلد ہی ہماری ٹیم ایران اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو وسعت دینے کے لئے مزید دستاویزی فلمیں تیار کرے گی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ دستاویزی فلم جلد ہی تہران اور مشہد جیسے بڑے شہروں میں خصوصی طور پر دکھائی جائے گی اور اسے قومی ذرائع ابلاغ کے ذریعے نشر بھی کی جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 966641
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش