QR CodeQR Code

گوادر سمیت ملک میں ہر کاروبار پر مافیاز کا قبضہ ہے جبکہ عام افراد پر زندگی تنگ کر دی گئی ہے، امیر العظیم 

3 Dec 2021 00:57

منصورہ سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ گوادر کے مقامی رہائشی کئی ہفتوں سے اپنے حقوق کیلئے مولانا ہدایت الرحمن کی سربراہی میں دھرنا دیے بیٹھے ہیں، مگر انکی شنوائی نہیں ہو رہی، ایک قسم کا مافیا سمندر میں بڑے ٹرالروں کے ذریعے مچھلی کا شکار کر رہا ہے جبکہ مقامی ماہی گیر سہولیات نہ ہونے کیوجہ سے مچھلیاں نہیں پکڑ سکتے۔


اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ گوادر کو حق دو تحریک کو چین اور پاکستان کے مابین غلط فہمیاں پیدا کرنے کے لیے پروپیگنڈا ہو رہا ہے، یہ الزام کہ ساحلی علاقے میں چین سے آکر لوگ مچھلی پکڑ رہے ہیں اور گوادر کے مقامی ماہی گیروں کو اس کی اجازت نہیں، میں کوئی صداقت نہیں۔ گوادر تحریک کو سی پیک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ مقامی آبادی کو ان کے حقوق دیئے جائیں۔ منصورہ سے جاری بیان میں امیرالعظیم نے کہا کہ گوادر کی تحریک کو سبوتاژ کرنے کے لیے طرح طرح کے شوشے چھوڑے جا رہے ہیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کے علم میں کوئی ایسی بات نہیں آئی کہ گوادر میں مچھلی کے کاروبار میں چینی لوگ ملوث ہیں۔ گوادر سمیت ملک میں ہر کاروبار پر مافیاز کا قبضہ ہے جبکہ عام افراد پر زندگی تنگ کر دی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ گوادر کے مقامی رہائشی کئی ہفتوں سے اپنے حقوق کے لیے مولانا ہدایت الرحمن کی سربراہی میں دھرنا دیئے بیٹھے ہیں، مگر ان کی شنوائی نہیں ہو رہی۔ مکران ڈویژن میں لوگوں کو پانی اور کھانے پینے تک کی اشیاء میسر نہیں۔ ایک قسم کا مافیا سمندر میں بڑے ٹرالروں کے ذریعے مچھلی کا شکار کر رہا ہے جبکہ مقامی ماہی گیر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مچھلیاں نہیں پکڑ سکتے۔ حکمران بتائیں کہ انھوں نے گوادر میں کس مافیا کو مچھلی کے شکار کی اجازت دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گوادر کے عوام کو ان کا حق دیا جائے اور ان پر کاروبار کے دروازے بند نہیں ہونے چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 966642

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966642/گوادر-سمیت-ملک-میں-ہر-کاروبار-پر-مافیاز-کا-قبضہ-ہے-جبکہ-عام-افراد-زندگی-تنگ-کر-دی-گئی-امیر-العظیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org