QR CodeQR Code

کسی بھی فرد کو آگ میں جلانا جائز نہیں، تنظیم اتحاد امت پاکستان

3 Dec 2021 21:38

تنظیم کے مفتیاں کا کہنا ہے کہ کسی کو حق حاصل نہیں کہ وہ بغیر کسی تصدیق کے کسی پر حملہ آور ہو جائے، توہین ہوئی یا نہیں ہوئی، اسکی تصدیق یا تردید کرنا ذمہ داران یعنی مفتیان کرام اور قانون کے ذمہ داران کا کام ہے، نہ کہ عوامی ہجوم کا کہ وہ جسکو چاہے، جب چاہے، آگ میں پھینک کر جلا دے۔


اسلام ٹائمز۔ تنظیم اتحاد امت پاکستان کے چیئرمین، مشیر پولیو اور کوآرڈینٹیر متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی کی گزارش پر تنظیم اتحاد امت پاکستان کے شریعہ بورڈ کے مفتیان کرام نے سیالکوٹ واقعہ پر اپنے ہنگامی شرعی بیان میں کہا ہے کہ آگ میں جلانا کسی بھی فرد کو جائز نہیں، کیونکہ یہ اللہ کا حق ہے، آج کے واقعہ کو شرعی اور قانونی طور پر کسی صورت درست قرار نہیں دیا جا سکتا، اس طرح کے واقعات اسلام اور پاکستان کیخلاف سازش ہیں، اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیئے۔

مفتیان نے کہا کہ کسی کو حق حاصل نہیں کہ وہ بغیر کسی تصدیق کے کسی پر حملہ آور ہو جائے، توہین ہوئی یا نہیں ہوئی، اس کی تصدیق یا تردید کرنا ذمہ داران یعنی مفتیان کرام اور قانون کے ذمہ داران کا کام ہے، نہ کہ عوامی ہجوم کا کہ وہ جس کو چاہے، جب چاہے آگ میں پھینک کر جلا دے۔ پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی نے مزید کہا ہے اسلام میں ہرگز جائز نہیں کہ کسی کو آگ میں پھینک دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے اہل پاکستان کا نام عالمی دنیا میں متاثر ہوتا ہے۔ نازک ملکی حالات میں اس طرح کے واقعات پاکستان دشمنی کے مترادف ہیں۔ واقعہ میں ملوث لوگوں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنا حکومتی اداروں کا کام ہے۔


خبر کا کوڈ: 966718

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966718/کسی-بھی-فرد-کو-ا-گ-میں-جلانا-جائز-نہیں-تنظیم-اتحاد-امت-پاکستان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org