QR CodeQR Code

کوئٹہ، چیف سیکرٹری بلوچستان اور ینگ ڈاکٹرز کے وفد کے درمیان ملاقات

3 Dec 2021 21:45

ملاقات میں ینگ ڈاکٹرز کے ہڑتال کو ختم کرنے، ہسپتالوں میں جدید مشینری اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے ہسپتالوں میں جدید مشینری اور ادویات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا سے ڈاکٹر مدثر، ڈاکٹر جعفر، ڈاکٹر فیض اور ڈاکٹر ارسلان کی قیادت میں بلوچستان، پنجاب اور اسلام آباد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ینگ ڈاکٹرز کے ہڑتال کو ختم کرنے، ہسپتالوں میں جدید مشینری اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے اس موقع پر کہا کہ ینگ ڈاکٹرز صحت کے نظام کا اہم جزو ہیں اور صوبائی حکومت ڈاکٹروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ہیلتھ سسٹم ینگ ڈاکٹرز کے بغیر نہیں چل سکتا اور ڈاکٹرز بھی صحت کے نظام کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، کیونکہ طب ایک مقدس پیشہ ہے اور اس میں انسانیت کی خدمت کی جاتی ہے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ کورونا میں ینگ ڈاکٹرز کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ کورونا کے خلاف جنگ میں ینگ ڈاکٹرز نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے ضلعی ہسپتالوں کی بہتری کے لیے اقدامات کررہی ہے اور ہسپتالوں میں جدید مشینری اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ تاکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی ہسپتالوں کی بہتری کے لیے ینگ ڈاکٹرز سے مشاورت کی جائے گی، تاکہ ان ہسپتالوں میں طبی عملہ اور آنے والے مریضوں کو تمام بنیادی سہولیات میسر ہوں۔


خبر کا کوڈ: 966721

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966721/کوئٹہ-چیف-سیکرٹری-بلوچستان-اور-ینگ-ڈاکٹرز-کے-وفد-درمیان-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org