0
Friday 3 Dec 2021 22:17

قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، مجھے ایم کیو ایم سے الگ مت سمجھیں، فاروق ستار

قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، مجھے ایم کیو ایم سے الگ مت سمجھیں، فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) بحالی تحریک کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی ناتجربہ کاری پر نالائقی کا تڑکا لگا ہے، سندھ کی حکمرانی بد سے بدتر کی طرف جا رہی ہے، دیہی اور شہری میں خلیج بڑھتی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنماء احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ مجھے ایم کیو ایم سے الگ مت سمجھیں، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ساتھ مختلف ایشوز پر بات ہوئی ہے۔ ایم کیو ایم کے سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ منی بجٹ معیشت کے تابوت میں آخری کیل ہوگا، عوام مایوس ہوگئے، ملک میں بے یقینی کی کیفیت ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ لوگ حکومت اور سیاسی جماعتوں کی کارکردگی سے تنگ نظر آرہے ہیں، کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ آج وسیع تر مفاہمت اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، مجھے ایم کیو ایم سے الگ مت سمجھیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ اگر کراچی کا منظر نامہ دیکھا جائے تو یتیمی کا احساس ساتویں آسمان پر پہنچا ہوا ہے، احساسِ محرومی اپنی حد سے بڑھ چکی ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک لاواہ پک رہا ہے، جس کی ذمہ داری موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر ہے، سندھ میں ایک وڈیرہ شاہی ہے، سندھ کی حکمرانی بد سے بدتر ہوتی چلی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے دہہی اور شہری سندھ میں جو خلیج ہے، وہ مزید گہری ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ کے پاکستان کے بارے میں بھی سوچنا ہوگا، سندھ میں دودھ کی رکھوالی کے لئے بلی کو بٹھا دیا ہے، صوبائی حکومت نے جس طرح اپنے اختیارات استعمال کرکے مقامی حکومت، بلدیاتی اداروں اور بلدیاتی نظام کو جس طرح پامال کیا ہے، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، مجھے امید ہے کہ جو بات میں نے کی ہے کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام سندھ اور بالخصوص کراچی اب ہم متحمل نہیں ہوسکتے کہ ملک بشمول کراچی کو مزید نظر انداز کریں، جو ملک کی معیشت کا انجن ہے۔
خبر کا کوڈ : 966725
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش