QR CodeQR Code

نئے بلدیاتی قانون پر اپوزیشن پارٹیوں کیجانب سے احتجاج نامناسب ہے، ناصر حسین شاہ

3 Dec 2021 23:51

پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ نئے بلدیاتی قوانین کے تحت ٹاؤن سسٹم دے دیا گیا ہے اور اب تمام اختیارات قانون کے مطابق ہونگے، میئر کراچی کے ماتحت کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیرِ بلدیات، دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید ناصر حسین شاہ اور وزیر اطلاعات و محنت اور انسانی وسائل سعید غنی نے سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے بلدیاتی قانون پر اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے احتجاج نامناسب ہے، کیونکہ سندھ حکومت نے حتی الامکان کوشش کی کہ بلدیاتی قوانین میں تمام جماعتوں سے مشاورت کرکے ان پٹ لیا جائے، یہی ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی قوانین کے تحت ٹاؤن سسٹم دے دیا گیا ہے اور اب تمام اختیارات قانون کے مطابق ہونگے، میئر کراچی کے ماتحت کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ہونگے، ٹاؤن سسٹم کو بحال اور یونین کونسلز کو بحال کر دیا گیا ہے، پیدائش و اموات کے سرٹیفکیٹ بالکل پہلے کی طرح یوسیز کے ذریعے جاری ہونگے اور ان کو نادرا سے لنک کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوانین آسمانی صحیفہ نہیں ہیں کہ ردوبدل نہ ہوسکے، ان میں باہمی مشاورت سے تبدیلی بھی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور اعتراض شو آف ہینڈ کے ذریعے میئر کے انتخاب پر ہے، اس پر بھی مشاورت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایک طرف ایک بات دوسری طرف دوسری بات کرتی ہے، ہم اپوزیشن سے بات چیت کے لئے رابطے کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی رابطے کی کوشش کرتے رہیں گے، لیکن اب اپوزیشن عدالت میں چلی گئی ہے، لہذا ہم بھی عدالت کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر ہمیں تحفظات ہیں اور خاص طور پر کراچی میں مردم شماری پر اعتراضات ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص جو میئر کا الیکشن لڑنا چاہتا ہے، وہ کونسل کا رکن ہو، اس پر بھی بات ہوسکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 966734

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966734/نئے-بلدیاتی-قانون-پر-اپوزیشن-پارٹیوں-کیجانب-سے-احتجاج-نامناسب-ہے-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org