0
Saturday 4 Dec 2021 18:59

تحریک لبیک ہر مظلوم کیساتھ اور ظالم کیخلاف کھڑی ہے، ترجمان

تحریک لبیک ہر مظلوم کیساتھ اور ظالم کیخلاف کھڑی ہے، ترجمان
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک پاکستان کے ترجمان نے سیالکوٹ کی فیکٹری میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقتول کے ورثاء اور سری لنکن عوام کیساتھ مکمل اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔ تحریک لبیک پاکستان ہر مظلوم کیساتھ اور ظالم کیخلاف کھڑی ہے، جتنا یہ واقعہ افسوسناک ہے اتنا اس کو تحریک لبیک سے منسوب کرنا بھی افسوسناک ہے، ناموس رسالت قانون کا ذاتی مقاصد کیلئے استعمال انتہائی قابل مذمت عمل ہے، "لبیک یارسول اللہ" کا نعرہ ہر مسلمان کا نعرہ ہے، ایسے واقعے کو تحریک لبیک سے جوڑنا سراسر ناانصافی ہے، ملک کسی خون خرابے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ تحریک لبیک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان دشمن قوتیں پاکستان میں مذہبی قوتوں کو  کچلنے کیلئے مذہب کے نام پر خلفشار اور خانہ جنگی کا ماحول چاہتی ہیں، پاکستان کے آئین کی رُو سے ہر ایک مذہب والے کو مذہبی آزادی حاصل ہے، چاہے وہ ہندو ہو یا عیسائی۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی مذہب کے حوالے سے مسلمانوں سے اور مسلمانوں کو ان سے کوئی شکایت ہے نہ رہی ہے، ہر ذی شعور شخص جانتا ہے کہ استعماری طاقتیں پاکستان میں لسانیت، قومیت، صوبائیت اور فرقہ واریت کو ایک مدت سے ہوا دینے کی مذموم کوششیں کر رہی ہیں، اب ایک بار پھر اقلیتوں کے حقوق کے نام پر فسادات کراکر ناموس رسالت قانون کا تحفظ سے ہماری توجہ ہٹا کر اپنے مہروں کو استعمال کرکے اس قانون کو ختم کروانا چاہتی ہیں۔ قانون ناموس رسالت پاکستان اور اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کی تکیمل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، مسلمان بیدار رہیں اور ان کی خفیہ چالوں کو ناکام بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کرتے رہیں۔

ترجمان ٹی ایل پی نے مطالبہ کیا کہ واقعہ کا پس منظر اور سازش تمام پہلووں کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کروائی جائیں اور ملوث کرداروں کو گرفتار کرکے سزا دی جائے، گستاخی و توہین مذہب کی سزا کیلئے ملکی قوانین موجود ہیں، جب ملک میں قانون اور عدل و انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں تو کسی کی جرات نہیں کہ قانون کو ہاتھ میں لے۔

 
خبر کا کوڈ : 966762
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش