QR CodeQR Code

مسئلہ فلسطین امت مسلمہ کے وقار اور نسلوں کی بقا کیلئے اصولی جدوجہد کا نام ہے، ناصر شیرازی

4 Dec 2021 23:13

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے قبل فلسطین کی حمایت کا اعلان کرکے بانی پاکستان قائداعظم نے اپنے موقف کی وضاحت کر دی تھی، بانی پاکستان کے اس موقف پر اٹل رہنا قائد سے وفاداری کا اعلان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل اور فلسطین فاؤنڈیشن کے زیراہتمام پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین علاقائی نہیں بلکہ یہ ایک انسانی، اخلاقی، قانونی اور آئینی مسئلہ ہے۔ یہ محض کوئی زمینی تنازع نہیں، یہ امت مسلمہ کے وقار اور نسلوں کی بقا کے لیے اصولی جدوجہد کا نام ہے۔ قیام پاکستان سے قبل فلسطین کی حمایت کا اعلان کرکے بانی پاکستان قائداعظم نے اپنے موقف کی وضاحت کر دی تھی، بانی پاکستان کے اس موقف پر اٹل رہنا قائد سے وفاداری کا اعلان ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی حمایت کئے بغیر مسئلہ کشمیر کا دفاع نہیں کیا جا سکتا۔ کشمیر و فلسطین پر غاصبانہ تسلط کے خلاف یکساں انداز میں آواز بلند کرنا ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے خلاف جاری مزاحمتی تحریکوں کو امریکہ اور اس کے حواریوں کے ایما پر دبانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی۔ ایسے کسی بھی اقدام کے خلاف عالمی استکباری قوتوں کو شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ فلسطین کی مزاحمتی تحریکیں حزب اللہ اور حماس اس قدر مضبوط اور منظم ہیں کہ اسرائیل کا ان کے ہاتھوں بری طرح شکست سے دوچار ہونا یقینی ہے۔ ان جماعتوں پر پابندی لگانا یا کالعدم قرار دینا یہود و نصاریٰ کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہ مسئلہ فلسطین پر وطن عزیز کے تمام مکاتب فکر ایک پیج پر ہیں۔ اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے فلسطینی عوام  کی حمایت کرنا ہوگی۔ باضمیر مسلم حکمران فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 966883

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966883/مسئلہ-فلسطین-امت-مسلمہ-کے-وقار-اور-نسلوں-کی-بقا-کیلئے-اصولی-جدوجہد-کا-نام-ہے-ناصر-شیرازی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org