QR CodeQR Code

حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے، مشتاق خان

5 Dec 2021 18:11

دورہ لکی مروت کے موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت اپنے تمام تر انتخابی وعدوں کو مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ملک میں مہنگائی کا سلسلہ عروج پر ہے۔ بجلی، گیس اور اشیاء خوردونوش کی قیمتیں عوام کے دسترس سے باہر ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے صوبائی امیر سنیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ صوبائی وزراء کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے دوران متعلقہ اضلاع کے لئے سرکاری منصوبوں کے اعلانات اور سرکاری افسران کے تبادلے دھاندلی کی منصوبہ بندی ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان اس کا فوری نوٹس لے۔ حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے جس کا اعتراف گورنر پنجاب نے کیا، پچھلے تین سالوں میں پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا، عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سستی جب کہ پاکستان میں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لکی مروت کے دورے کے موقع پر سرائے نورنگ میں تحریک انصاف کے رہنماء اقبال نبی کی جانب سے جماعت اسلامی تحصیل نورنگ چئیرمین کے امیدوار حاجی عزیزاللہ خان کی حمایت کرنے کے موقع پر پریس کانفرنس سےجبکہ نواب کلہ اور نالی چک میں شمولیتی جلسہ ہائے عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی تحصیل نورنگ چئیرمین کے امیدوار حاجی عزیزاللہ خان، مفتی عرفان اللہ، صاحبزادہ صبغت اللہ ایڈووکیٹ اور حاجی عبدالصمد خان سمیت دیگر مشران بھی موجود تھے۔ اقبال نبی نے تحریک انصاف سے مستعفی ہوکر آزاد حیثیت سے حاجی عزیزاللہ خان کی مکمل حمایت اور سپورٹ کا اعلان کیا۔ اسی طرح مروت قومی جرگہ کے سرکردہ رہنماء نواب عبدالرحیم عرف مِنی خان اور ان کے بھتیجے نوابزادہ جمیل خان نے نواب خاندان کے ہمراہ جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے انہیں خوش آمدید کہا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی نے ایک عذاب کی صورت اختیار کرلی ہے، روپے کی قدر میں 42 فیصد کمی ہوئی ہے، آئی ایم ایف نے آئندہ سال تک 6 ہزار ارب روپے ٹیکسوں کا کہہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے کی کوشش کی لیکن جماعت اسلامی اور پشاور ہائی کورٹ نے ان کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت اپنے تمام تر انتخابی وعدوں کو مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ملک میں مہنگائی کا سلسلہ عروج پر ہے۔ بجلی، گیس اور اشیاء خوردونوش کی قیمتیں عوام کے دسترس سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ حکومتی معاہدوں کا اعتراف گورنر پنجاب نے خود کیا، چند ڈالروں کے عوض میں اسٹیٹ بینک کی خود مختاری سمیت ٹیکسوں میں اضافہ کرنے کا معاہدہ کیا ہے، جس سے مہنگائی مزید بڑھے گی۔ اس وجہ سے حکومت بلدیاتی انتخابات سے انعقاد راہ فرار اختیار کررہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کو سرد خانے کے لئے حکومت نے عدالت میں پناہ لی تاہم سپریم کورٹ نے تاریخ ساز فیصلہ کرکے ہمارے موقف کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر محاذ پر ناکامی کے بعد اب حکومت مسلسل بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز ہورہی ہے۔ جن 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہورہا ہے صوبائی وزراء ان اضلاع کے لئے سرکاری منصوبوں کی منطوری دے رہے ہیں اور سرکاری افسران کے تبادلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت دھاندلی کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ ہے کہ صوبائی وزراء کے بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کا نوٹس لے۔ 


خبر کا کوڈ: 967011

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/967011/حکومت-نے-ملک-کو-آئی-ایم-ایف-کے-پاس-گروی-رکھ-دیا-ہے-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org