0
Sunday 5 Dec 2021 18:50

اگر کراچی کا ٹیکس کراچی میں نہیں لگے گا تو پھر ہم ٹیکس دینا بند کردیں گے، وسیم اختر

اگر کراچی کا ٹیکس کراچی میں نہیں لگے گا تو پھر ہم ٹیکس دینا بند کردیں گے، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام عباسی شہید اسپتال (ناظم آباد) میں متنازعہ بلدیاتی ترمیمی بل 2021ء کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ڈپٹی کنوینر وسیم اختر، کنور نوید جمیل، ممبر قومی اسمبلی کشور زہرہ اور اراکین سندھ اسمبلی نے شرکاء سے گفتگو کی۔ سابق میئر کراچی وسیم اختر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نااہل اور کرپٹ  دیہی سندھ کے نمائندے تیرہ سالوں سے شہری سندھ پر مسلط ہیں، پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے پہلے کے ادارے کے ایم سی کو آج پیپلز پارٹی تباہ و برباد کرچکی ہے، پیپلز پارٹی جعلی ڈومیسائل اور شہری کوٹے پر اندرون سندھ سے لوگوں کو لاکر کراچی کے اداروں میں بھرتی کررہی ہے اور ستر کی دہائی سے حکومت کرنے والی پیپلز پارٹی اندرون سندھ ایک ہسپتال بھی نہیں بناسکی جس کی وجہ سے اندرون سندھ کے عوام علاج و معالجے کیلئے کراچی کے ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔

ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے وزراء کراچی کے پیسوں سے مالا مال ہورہے ہیں، ان کو جلد کراچی کے تمام ادارے ہمیں واپس کرنے ہونگے جبکہ کالے بلدیاتی قانون پر ہر باشعور آدمی پیپلز پارٹی پر لعن طعن کررہا ہے۔ وسیم اختر نے جیالوں کو پیغام دیا کہ اہل کراچی کو تنگ نہ کرو ورنہ تم کو اندروں سندھ سے یہاں آنا مشکل ہوجائے گا، کالے بلدیاتی قانون پر آج ہم پر امن احتجاج کررہے ہیں اور ہم پر امن ہی رہنا چاہتے ہیں۔ میڈیا کے دوستوں سے سوال پوچھتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ کیا یہ مذاق نہیں کہ اندرون سندھ سے آکر کراچی کی قانون سازی کی جائے؟ اور کیا سندھ کے وزیراعلیٰ سے زیادہ کوئی لالچی آدمی ہے جو تمام اختیارات اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ پنجاب، کے پی کے کشمیر سمیت پورا پاکستان ترقی کررہا ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو سب سے بدترین صوبہ بنادیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان عدالتوں سے کراچی میں مکمل بلدیاتی نظام بحال کروانے اور آرٹیکل 140A کے نفاذ کا مطالبہ کرتی ہے، اگر کراچی کا ٹیکس کراچی میں نہیں لگے گا تو پھر ہم ٹیکس دینا بند کردیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم صاحب کو متعدد بار بآور کرایا کہ وفاق اور پیپلز پارٹی کراچی کا ٹیکس کراچی پر لگانے کے بجائے کراچی کی تباہی میں مصروف ہیں مگر سب بے فکر ہوکر اس تباہی کا تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کراچی کے عوام کی نظریں ہم پر ہیں، ہم نے نظام پر یقین کرتے ہوئے عدلیہ، مقننہ، عاملہ سب کو آزمایا لیکن اب لگتا ہے کہ پاکستان کا سسٹم دھرنوں پر چلتا ہے جس نے دھرنا دے دیا وہ کامیاب، لہذا اب کراچی کے حقوق کے لئے ایسا دھرنا ہوگا کہ لوگ ماضی بھول جائیں گے اور حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 967016
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش