QR CodeQR Code

حکومت سے ہونے والا اتحاد کب تک چلتا ہے کچھ نہیں کہا جا سکتا، ایم کیو ایم

5 Dec 2021 22:33

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ رہنما عامر خان نے کہا کہ سندھ کے نئے بلدیاتی قانون سے متعلق تجاویز پیش کیں تھیں، مگر ہماری بات نہیں سُنی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا ہے کہ حکومت سے ہونے والا اتحاد کب تک چلتا ہے، اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، سندھ کے نئے بلدیاتی قانون سے متعلق تجاویز پیش کیں تھیں، مگر ہماری بات نہیں سُنی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ فنکشنل کی قیادت سے ملاقات کے بعد پگارا ہاؤس کراچی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ نئے بلدیاتی ترمیمی ایکٹ کے خلاف گیارہ دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ پیپلز پارٹی نے اس بل کی آڑ لے کر پورے صوبے کے بلدیاتی اختیارات پر ڈاکہ ڈالا، سندھ کی تباہی کے پیچھے کوئی اور نہیں، بلکہ پیپلز پارٹی ہے، نیا بلدیاتی بل سندھ کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جعلی اکثریت کے ساتھ صوبے میں حکمرانی کر رہی ہے، اندرون سندھ کے اسپتالوں میں کتے کاٹنے کی دوائی موجود نہیں، جبکہ پورے صوبے میں امن و امان کی صورت حال خراب ہے۔

عامر خان نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی ترمیمی بل سے متعلق تجاویز صوبائی وزیر سعید غنی کو پیش کی تھی، مگر ہماری بات نہیں مانی گئی، یہ آمرانہ سوچ ہے جس کے ہم خلاف ہیں، کیا سعید غنی بل پاس کرانے کے بعد بات کریں گے۔؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف سے ہمارے شکوے ہیں، کیونکہ ہماری ناامیدی کی انتہا ہوتی جا رہی ہے، حکومت سے ہونے والا اتحاد کب تک چلتا ہے، اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ حکومت کی جانب سے اسمبلی سے منظور کیے جانے والے بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف تمام جماعتوں کو میدان میں لانے کا فیصلہ کرلیا اور پی پی پر دباؤ ڈالنے کیلئے اے پی سی کے انعقاد کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس حوالے سے ایم کیو ایم کے وفود نے اتوار کو مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف، مہاجر اتحاد تحریک، مسلم لیگ فنکشنل کے مراکز کا دورہ کیا اور قائدین سے ملاقات کرکے انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔


خبر کا کوڈ: 967043

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/967043/حکومت-سے-ہونے-والا-اتحاد-کب-تک-چلتا-ہے-کچھ-نہیں-کہا-جا-سکتا-ایم-کیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org