0
Monday 6 Dec 2021 10:49
خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات، گھمسان کا رن

وفاقی وزیر علی امین کی مخالفین کو خطرناک دھمکی

مخالفین جیت بھی گئے تو دفاتر میں داخل تک نہیں ہونے دونگا
وفاقی وزیر علی امین کی مخالفین کو خطرناک دھمکی
اسلام ٹائمز۔ صوبے کے دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بلدیاتی انتخابات کی گہما گہمی عروج پہ ہے۔ یہاں میئر کی نشست پہ اپوزیشن نے اپنے الگ الگ امیدوار میدان میں اتارے ہیں، جس کے باعث پی ٹی آئی کے امیدوار عمر امین کی پوزیشن بہت مضبوط ہو چکی ہے۔ اس وقت وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین خان گنڈہ پور اور ان کے بھائی صوبائی وزیر برائے بلدیات فیصل امین گنڈہ پور ڈی آئی خان میں موجود ہیں۔ گزشتہ روز علی امین خان گنڈہ پور نے انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میرا بھائی بلدیات کا وزیر ہے۔ مختلف نشستوں پہ ہمارے خلاف جو لوگ الیکشن لڑ رہے ہیں یا ہماری مخالفت کر رہے ہیں، میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر وہ الیکشن جیت کر بھی آ گئے تو بھی ہم انہیں بلدیات کے دفتر میں داخل تک نہیں ہونے دیں گے، اگر وہ بلدیات کے دفتر میں داخل ہو گئے تو میری مونچھیں کاٹ دینا‘‘۔

وفاقی وزیر علی امین کے اس غیر جمہوری اور دھمکی آمیز اعلان کے بعد ووٹرز میں انتہائی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مختلف کارنر میٹنگز کے اندر ان کے یہی جملے زبان زد عام ہیں اور ان کے لب و لہجے پہ عوامی حلقوں میں بحث ہو رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکن یوتھ، کسان اور جنرل کونسلر کی نشست پہ علی امین کے ان جملوں کا سہارا لیکر ووٹرز کو ڈرانے دھمکانے لگے ہیں کہ ہماری مخالفت میں دیا جانے والا ووٹ ضائع ہو گا کیونکہ امین برادران پی ٹی آئی کے مخالفین کو بلدیات کے دفاتر میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔ دوسری جانب پڑھے لکھے خاموش ووٹرز اس طرز سیاست سے شدید ناپسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پہ علی امین کے اس دھمکی آمیز خطاب کی وڈیو مسلسل وائرل ہے جبکہ جے یو آئی کی کارنر میٹنگز میں تسلسل کے ساتھ مطالبہ کیا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات میں سرکاری وسائل کے خرچ کی روک تھام کو یقینی بنائے اور وفاقی و صوبائی وزیر کو انتخابی مہم سے دور رکھے۔ 
خبر کا کوڈ : 967098
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش