0
Monday 6 Dec 2021 20:30

جے سی پبلیکشنز کی متنازع کتاب، پولیس کو پبلشر اور ڈسٹری بیوٹر کیخلاف کیس درج کرنیکی ہدایت

جے سی پبلیکشنز کی متنازع کتاب، پولیس کو پبلشر اور ڈسٹری بیوٹر کیخلاف کیس درج کرنیکی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ دہلی نشین جے سی پبلشرز کی ساتویں جماعت کی ’ہسٹری اینڈ سویکس‘ کی متنازع درسی کتاب پر عوامی حلقوں میں پائے جانے والے غم و غصے کے بیچ جہاں سرینگر انتظامیہ نے پولیس کو پبلشر اور کتاب کے سرینگر ڈسٹری بیوٹر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے مکتوب روانہ کیا ہے، وہیں جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو یہ کتاب استعمال کرنے سے اجتناب کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ دریں اثنا جے سی پبلیکشنز پرائیویٹ لمیٹڈ دہلی نے اس ضمن میں معافی نامہ جاری کرتے ہوئے اس کو ایک غیر ارادی غلطی قرار دیا ہے۔ بتادیں کہ جے سی پبلیکشنز دہلی کی طرف سے چھاپی گئی ساتویں جماعت کی اس ’ہسٹری اینڈ سویکس‘ کی درسی کتاب میں پیمبر اسلام حضرت محمد (ص) اور حضرت جبرئیل (ع) کا عکس چھاپا گیا ہے۔ اس متنازع کتاب کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ سرینگر سید حنیف بلخی نے ایس ایس پی سرینگر کو مذکورہ پبلشنگ ہاؤس اور سرینگر میں قائم اس کے اسٹاکسٹ کے خلاف ایف آئی درج کرنے کو کہا ہے۔

موصوف ضلع مجسٹریٹ نے ایس ایس پی کے نام اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ چیف ایجوکیشن افسر سرینگر نے ہمیں اطلاع دی کہ جے سے پبلشرز نامی ایک دہلی نشین پبلشنگ ہاؤس نے ساتویں جماعت کے طلباء کے لئے ایک کتاب چھاپی ہے جس میں کچھ حساس مواد چھاپا گیا ہے اور یہ کتاب پرے پورہ سرینگر میں قائم ’پیرا ڈائس بک شاپ‘ پر دستیاب ہے۔ مکتوب میں کہا گیا کہ اس معاملے کے پیش نظر استدعا ہے کہ اس کتاب کے پبلشر اور ڈسٹری بیوٹر کے خلاف تحت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دریں اثنا جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے جموں و کشمیر اور لداخ کے تمام اسکولوں کو یہ کتاب استعمال نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ بورڈ کی طرف سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں خواہ وہ سی بی ایس ای سے منسلک ہوں، جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن سے یا ملک کے کسی بھی بورڈ سے منسلک ہوں کو ہدایات دی جاتی ہیں کہ وہ جے سی پبلیکشنز پرائیویٹ لمیٹڈ نئی دہلی کی ساتویں جماعت کی ’ہسٹری اینڈ سویکس‘ کی درسی کتاب ایڈیشن 2020ء کو استعمال نہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 967176
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش