0
Monday 6 Dec 2021 20:45

ایم کیو ایم پاکستان سندھودیش کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بنے گی، وسیم اختر

ایم کیو ایم پاکستان سندھودیش کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بنے گی، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سابق مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ کے حقوق کے لئے تمام سیاسی جماعتیں ساتھ ہیں اور کراچی کے عوام شہر کے حق کے لئے قربانیاں دینے کو تیار ہیں۔ کراچی کے علاقے کورنگی میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کئے گئے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ آج پھر کراچی کے عوام شہر کے حق کے لئے قربانیاں دینے کو تیار ہے، کراچی کے حق کے لئے سپریم کورٹ کا رخ کیا اور سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بھی آواز بلند کی تاہم ہماری ہماری آواز کہیں نہیں سنی جارہی ہے، ہماری پٹیشنز عدالتوں میں سسک رہی ہیں اور عدالتیں ہماری سن نہیں رہی ہیں، اس لئے ایم کیو ایم پاکستان اب احتجاج کرے گی اور اب احتجاج سے واپسی نہیں ہوگی۔ ایم کیو ایم رہنما نے واضح کیا کہ یہ احتجاج صرف ٹریلر ہے اور ہم اس احتجاج میں اکیلے نہیں ہیں بلکہ سندھ کی تمام سیاسی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں اور اب یہ احتجاج نہیں رکے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان صرف مہاجروں کے حق کی بات نہیں کر رہی ہے بلکہ ہم تو سندھ میں رہنے والے تمام باشندوں اور سندھیوں کے حق کے لئے بات کر رہے ہیں۔ کراچی سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ شہر پورے ملک کو چلاتا ہے اور ملک کو 70 فیصد اور سندھ کو 95 فیصد ریونیو دیتا ہے۔ اندرون سندھ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں وڈیرہ شاہی نظام نافذ ہے اور لوگوں کو ناحق قتل کردیا جاتا ہے، اندرون سندھ میں بھی صحت کی سہولیات اور پانی بھی دستیاب نہیں۔ سابق مئیر کراچی نے کہا کہ سندھ پر پاکستان دشمن جماعت قابض ہے اور یہ وہ جماعت ہے جس نے حیدرآباد کے پکا قلعہ میں عوام کا قتل عام کروایا اور اس ہی جماعت نے پاکستان کو دولخت کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کے ذریعے سندھودیش کا خواب دیکھ رہے ہیں، تاہم ایم کیو ایم پاکستان سندھو دیش کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بنے گی۔

صوبے کے بجٹ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو 13 برس سے  سالانہ 1200 ارب روپے مل رہے ہیں اور صدرِ پاکستان، وزیراعظم عمران خان اور چیف جسٹس دیکھیں کہ یہ بجٹ کہاں جارہا ہے کیوں کہ کراچی کی عوام کو اب اپنے ٹیکس کے پیسوں کا حساب چاہیئے۔ اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ جب تک تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرکے نیا بلدیاتی قانون نہیں بنایا جائے گا اور وزیراعلیٰ سندھ اپنی ٹیم کے ساتھ آکر ہم سے بات نہیں کریں گے، یہ احتجاج جاری رہے گا۔ وسیم اختر نے بتایا کہ منگل کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں احتجاج ہوگا اور اس کے بعد شاہراہ فیصل جائیں گے جس کے بعد اگلا پڑاؤ وزیراعلی ہاؤس ہوگا اور اس کے بعد مزید لائحہ عمل بتائیں گے۔ انہوں نے شرکاء سے کہا کہ اب ہم جیل بھرو تحریک شروع کریں گے اور کیا عوام جیل بھرو تحریک کے لئے تیار ہیں، اس پر وہاں موجود افراد نے جیل بھرو تحریک کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
خبر کا کوڈ : 967191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش