QR CodeQR Code

واقعہ سیالکوٹ کھلی بربریت، قانون ہاتھ میں لینا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، مفتی مطلوب احمد سعیدی

6 Dec 2021 23:52

منہاج القرآن علما کونسل جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر نے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذہب کے نام پر تشدد اور انتہاپسندی کا خاتمہ حکومت کی پہلی ترجیح ہونا چاہیے، ملزمان کو عبرتناک سزا دی جائے، معاشرے سے عدم برداشت اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری  کے نصاب امن سے مدد لی جائے۔


اسلام تائمز۔ منہاج القرآن علما کونسل جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر مفتی مطلوب احمد سعیدی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں ہونیوالے اندوہناک واقعے نے پوری قوم کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں، جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ سیالکوٹ واقعہ کھلی بربریت دہشت گردی ہے ایسے واقعات کو اسلام اور اسلامی تعلیمات سے منسلک نہ کیا جائے۔ قانون کو ہاتھ میں لینا اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی ہے۔اسلام دین امن وسلامتی ہے جہاں غیرمسلموں کو بھی برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ سیالکوٹ واقعے میں ملوث ملزمان کو عبرت ناک سزا دی جائے۔ وہ منہاج القرآن علما کونسل کے عہدیداران سے گفتگو کر رہے تھے، جن میں صوبائی رہنما علامہ نصیر احمد بابر، علامہ خواجہ عاشق حسین سعیدی، مفتی عبدالمجید فیضی، علامہ امیر اظہر سعیدی، قاری غلام جیلانی نقشبندی، صاحبزادہ احمد رضا، قاری محمد عرفان سعیدی، مولانا محمد خالد سعیدی، قاری محمد اختر سعیدی، قاری محمد رمضان سیفی، قاری عبدالرف سعیدی، قاری محمد حسن چشتی اور دیگر علما شامل تھے۔

مفتی مطلوب احمد سعیدی نے کہا کہ معاشرے سے عدم برداشت اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے مرتب کردہ نصاب امن سے مدد لی جائے اور اسے شامل نصاب کیا جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی زیرسرپرستی قائم نظام المدارس بورڈ کے نصاب میں انتہاپسندی اور عدم برداشت کے خاتمے کیلئے کتابیں شامل کی گئی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسے شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نبٹیں، جو مذہبی نعروں کو استعمال کرکے عوام میں اشتعال انگیزی پیدا کرتے ہیں اور ان کے اس فعل کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کو انتہا پسند ریاست کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دنیا بھر میں اسلام کے پیغام امن کو عام کیا ہے اور عالم مغرب کو اسلام کا حقیقی چہرہ دکھایا ہے۔ پاکستان میں بھی یہی تعلیمات عام کرنے کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 967224

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/967224/واقعہ-سیالکوٹ-کھلی-بربریت-قانون-ہاتھ-میں-لینا-اسلامی-تعلیمات-کے-منافی-ہے-مفتی-مطلوب-احمد-سعیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org