QR CodeQR Code

مختلف مافیاز نے ملک پر مہنگائی مسلط کر رکھی ہے، مشتاق خان

7 Dec 2021 00:34

سرائے نورنگ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ قوم پر مسلط ظالم اشرافیہ پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، ہمیں مل کر ان سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ کرپشن، مافیاز اور بیڈ گورننس نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے، مختلف قسم کی مافیاز نے ملک پر مہنگائی مسلط کر رکھی ہے۔ غریب دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہے۔ قوم پر مسلط ظالم اشرافیہ پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، ہمیں مل کر ان سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ سوا تین سال گزر گئے، ملک ہیجانی کیفیت میں ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام پر عرصہ حیات تنگ ہو چکا ہے، قرضوں کا پہاڑ اور سود پر بینکاری ملکی معیشت کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے، مگر حکمرانوں کو اپنی عیاشیوں سے فرصت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کے نواحی علاقے نالی چک میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام میں تحصیل چئیرمین کے امیدوار صاحبزادہ صبغت اللہ نے اپنی نشست سے عزیز اللہ خان مروت کے حق میں دستبرداری اور جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر تحصیل نورنگ کے لئے چیئرمین کے امیدوار حاجی عزیز اللہ خان مروت اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

سینیٹر مشتاق خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پلیٹ میں رکھ کر آئی ایم ایف کے حوالے کردیا گیا ہے، آئی ایم ایف نے شرمناک شرائط پر قرضہ دیا ہے۔ ریاست مدینہ کے دعوے داروں نے عوام کے ساتھ فراڈ اور دھوکا کیا۔ تینوں بڑی جماعتیں مفادات کی سیاست کر رہی ہیں، عوام کی کسی کو فکر نہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے۔ تحصیل نورنگ میں عزیز اللہ خان مروت کی یقینی ہے۔ صوبہ بھر میں بلدیاتی انتخابات میں نمایاں کامیابیاں سمیٹیں گے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اہلیت اور ویژن سے خالی لوگ قوم پر مسلط ہیں۔ کئی دہائیوں سے جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے عوام کی گردنوں پر پاؤں رکھا ہوا ہے اور ملک کے ریسورسز کی لوٹ مار جار ی ہے۔ اب تک اربوں ڈالر قرضہ لیا گیا، مگر اس رقم کا کچھ پتا نہیں کہ کہاں خرچ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں عوام آزمائے ہوؤں کو مسترد کر کے جماعت اسلامی کو موقع دیں۔ جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات کے لئے عوامی مسائل کا ادراک رکھنے اور ان کو حل کرنے کی صلاحیت رکھنے والے امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔


خبر کا کوڈ: 967231

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/967231/مختلف-مافیاز-نے-ملک-پر-مہنگائی-مسلط-کر-رکھی-ہے-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org