QR CodeQR Code

جب تک زندہ ہوں سانحہ سیالکوٹ جیسا واقعہ دوبارہ نہیں ہونے دونگا، عمران خان

7 Dec 2021 20:44

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اسلام اور توہین رسالتﷺ کے نام پر چند لوگ خود ہی فیصلہ کر لیتے اور خود ہی سزا بھی دے دیتے ہیں، اگر خوش قسمتی سے الزام کا سامنے کرنیوالا زندہ بچ جائے اور گرفتار ہوکر جیل پہنچ جائے تو نہ تو کوئی وکیل کیس لڑنے کی ہمت کر پاتا ہے اور نہ ہی کوئی جج کیس سننے کو تیار ہوتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جس کسی نے بھی اسلام یا نبیﷺ کا نام استعمال کرتے ہوئے کسی دوسرے انسان پر ظلم کیا، ہم اسے نہیں چھوڑیں گے۔ سیالکوٹ کے سانحہ میں اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے عدنان کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عدنان آپ اکیلے ایک آدمی تھے، جو حق پر کھڑے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ تاریخ آپ کو ایک بہادر کے طور پر یاد رکھے گی کہ ایک انسان تھا جو حیوانوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑا تھا۔ آپ نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔ آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ اسلام اور توہین رسالتﷺ کے نام پر چند لوگ خود ہی فیصلہ کر لیتے ہیں اور خود ہی سزا بھی دے دیتے ہیں اور اگر خوش قسمتی سے الزام کا سامنے کرنے والا زندہ بچ جائے اور گرفتار ہو کر جیل پہنچ جائے تو نہ تو کوئی وکیل کیس لڑنے کی ہمت کر پاتا ہے اور نہ ہی کوئی جج کیس سننے کو تیار ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جو کوئی بھی اسلام یا نبی آخر الزماںﷺ کے نام پر کسی پر ظلم کرے گا، ہم اسے کسی بھی صورت نہیں چھوڑیں گے۔ آرمی پبلک اسکول کے سانحے کے بعد قوم کو دوبارہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری نے مقتول سری لنکن منیجر کے لواحقین کے لیے ایک لاکھ ڈالر جمع کیے ہیں جبکہ ان کی تنخواہ تاحیات اہل خانہ کو ملتی رہے گی۔ اس تقریب میں سری لنکن ہائی کمشنر سمیت وفاقی وزراء اور معززین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ 23 مارچ کو بہادر شہری عدنان ملک کو تمغہ شجاعت سے بھی نوازا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 967358

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/967358/جب-تک-زندہ-ہوں-سانحہ-سیالکوٹ-جیسا-واقعہ-دوبارہ-نہیں-ہونے-دونگا-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org