0
Wednesday 8 Dec 2021 00:54

حکومت نے ملک کے تمام ادارے بیچ دیئے ہیں، سینیٹر مشتاق خان

حکومت نے ملک کے تمام ادارے بیچ دیئے ہیں، سینیٹر مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ باطل، کرپٹ اور نااہل حکومت کے خلاف گھروں، مساجد اور حجروں کو سیاسی اور انتخابی مورچوں میں تبدیل کریں، پولنگ ڈے پر ترازو پر ٹھپے لگا کر ہر ظلم اور ناانصافی کا انتقام لیں، انضمام کے اربوں فنڈز حکومت نے ہڑپ کئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شینواری کے علاقے ملاگوری ضلع خیبر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشتاق خان نے مزید کہا کہ حکومت نے ملک کے تمام ادارے بیچ دیئے ہیں۔ تین سال میں قبائلی علاقوں کے اربوں روپے استعمال نہیں کیے گئے بلکہ صرف چند کروڑ روپے استعمال کئے گئے جو حکومت کی نااہلی اور کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے، قبائلی علاقوں کو این ایف سی ایوارڈ میں حصہ نہ دینا حکومت کی ناکامی اور ظلم ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ قبل ازیں سینیٹر مشتاق احمد خان کا لنڈی کوتل میں جگہ جگہ پرتپاک استقبال کیا گیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن نے پورے ملک اور قبائلی علاقوں میں جو کام کئے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں، حکومت بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کر رہی تھی لیکن عدالت کے ذریعے بھاگنے نہیں دیا، خوگہ خیل قبیلے کے ساتھ ظلم پر خاموش نہیں رہینگے اور طورخم کا مسئلہ سینیٹ کے فلور پر اٹھاونگا۔ انہوں نے لنڈی کوتل کے عوام سے اپیل کی کہ ظلم، کرپشن اور ناانصافی سے نجات کے لئے ترازو پر ٹھپے لگا کر جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کریں۔جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار برائے تحصیل چئیرمین شپ سید مقتدر شاہ آفریدی نے شینواری علاقے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیسوں کے پجاری اس بار ناکام ہونگے، الخدمت فاونڈیشن نے لنڈی کوتل میں بلا امتیاز خدمت کی ہے اور موجودہ منتخب نمائندوں نے قوم کو مایوس کیا ہے۔ جلسے میں جماعت اسلامی کے امیدواران ضیاءالحق آفریدی، حاجی دنیا گل، محمد حیات، عمر علی، عبدالرؤف شینواری، ارمان علی اور اسماعیل شینواری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 967396
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش