0
Wednesday 8 Dec 2021 16:44

بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 11 افراد ہلاک

بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 11 افراد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر ریاست تامل ناڈو کے علاقے نلگرس میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جنرل بپن راوت ہیلی کاپٹر میں ویلنگٹن اسٹاف کالج جا رہے تھے۔ ان کے ایم آئی 17 وی 5 ہیلی کاپٹر میں عملے کے علاوہ خاندان کے کچھ افراد بھی سوار تھے۔ بھارتی فضائیہ کی جانب سے ٹوئیٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کا حادثہ تامل ریاست کے علاقے کونور کے نزدیک نلگرس کے مقام پر پیش آیا۔ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ترک میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ ہلاک ہوگئے ہیں، تاہم بھارتی میڈیا نے اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔



بھارتی وزیر دفاع نے وزیراعظم نریندر مودی کو اس حوالے سے بریفنگ دی ہے اور وزیر دفاع کی جانب سے پارلیمنٹ کو بہت جلد اس حادثے پر بریف کیا جائے گا۔ حادثے کے بعد مقامی فوجی افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ دو زخمیوں کو 80 فیصد جلنے کے زخم کے باعث مقامی اسپتال لے جایا گیا۔ جائے وقوعہ پر کچھ لاشوں کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ جنرل بپن راوت نے جنوری 2019ء میں بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا چارج لیا تھا۔ وہ ڈپارٹمنٹ آف ملٹری افئیرز کے سربراہ بھی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 967494
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش