QR CodeQR Code

پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی مثال دنیا سے دینا زیادتی ہے، خورشید شاہ

8 Dec 2021 20:34

جیکب آباد میں عشائیے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی پی نے کہا کہ حکومت کا گورنر خود کہہ رہا ہے کہ ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی کردیا گیا ہے اور اسٹیٹ بینک کے پاور آئی ایم ایف کو دیدئیے ہیں تو باقی بچا کیا؟


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی مثال دنیا سے دینا زیادتی ہے، دنیا کی معیشت ہم سے 50 گنا زیادہ بہتر ہے، اس لئے ترقی یافتہ ممالک کی مثال دینا باعث افسوس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے درگاہ ہمایوں شریف کے سجادہ نشین پیر میاں عبدالباقی اور پیر میاں عبدالباسط کی جانب سے دیئے گئے عشائیے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگوں کی اجرت میں اضافہ بھی پیپلز پارٹی نے کیا تھا، پیپلز پارٹی نے پوری کوشش کی کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرے، ہم نے تنخواہوں میں اضافہ کیا تاکہ لوگوں کی زندگی بہتر ہوسکے، یہ لوگ خوش نصیب ہیں کہ آج بھی یہ پیپلز پارٹی کی کارکردگی کی وجہ سے سانس لے رہے ہیں اور ان کی نبض چل رہی ہے، البتہ عمران خان اور اس کی حکومت نے تو لوگوں کو زندہ در گور کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا گورنر خود کہہ رہا ہے کہ ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی کردیا گیا ہے اور اسٹیٹ بینک کے پاور آئی ایم ایف کو دیدئیے ہیں تو باقی بچا کیا؟ حکمران جس نئے پاکستان کی بات کررہے تھے وہ اپنے لئے کررہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ نیا پاکستان سونامی لائے گا اور سونامی لے آیا، یہ قائداعظم کے پاکستان کو ختم کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے پوری کوشش کی ہے لیکن ابھی ہم میں جان ہے، ہم وہی قائداعظم کا پاکستان جو انہوں نے عوامی طاقت سے دیا تھا اس کو قائم رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی شکایات درست ہے کہ سیاسی پارٹی ہمارے مسائل نہیں دیکھ رہی، پارلیمنٹ ان حالات میں چلی گئی ہے کہ وہ عوامی مسائل کو حل کرنے قاصر ہے، ہماری کوشش ہے کہ پارلیمنٹ میں ایک پلیٹ فارم پر ہوں اور بہتری کی طرف جائیں۔


خبر کا کوڈ: 967524

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/967524/پاکستان-میں-بڑھتی-ہوئی-مہنگائی-کی-مثال-دنیا-سے-دینا-زیادتی-ہے-خورشید-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org