0
Wednesday 8 Dec 2021 20:59

کراچی کے عوام الطاف حسین کی سیاست کو رد کرچکے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

کراچی کے عوام الطاف حسین کی سیاست کو رد کرچکے ہیں، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے کسی کو بھی لسانی سیاست نہیں کرنی چاہیئے اور اس شہر اور صوبے کے عوام الطاف حسین کی سیاست کو رد کر چکے ہیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر ہم کراچی کو سنبھال سکتے ہیں، اگر ہم کراچی کو اس کا حق دلا سکتے ہیں، اگر ہم کراچی میں ترقی کرا سکتے ہیں تو پورے ملک میں ترقی کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور یہاں کے عوام کو حقوق کی فراہمی کے لئے ایک بااختیار لوکل گورنمنٹ سسٹم دینا پڑے گا اور ہماری خواہش یہی ہے کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم میں کراچی میں ہماری حکومت بنے اور وفاقی سطح پر بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کا بلدیاتی نظام بہتر ہو رہا ہے، سندھ بھر میں نئے بلدیاتی نظام نے اپنی پہلی مدت مکمل کی اور ہم واحد صوبائی حکومت تھی جنہوں نے اپنے بلدیاتی نظام کی مدت مکمل کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بلدیاتی نظام میں بہتری کے نتیجے میں اس کو پچھلے نظام کے مقابلے میں زیادہ اختیارات ملیں گے، اس نظام کے تحت زیادہ ذمے داریاں دی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنا ٹیکس خود اکٹھا کر سکیں، اپنے وسائل کا خود بندوبست کرے اور پراپرٹی ٹیکس کو ہم بلدیاتی حکومت کے حوالے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم کراچی سے پراپرٹی ٹیکس کی مد میں صرف ایک ارب روپے اکٹھا کرتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ اگر ہم یہ اختیار بلدیاتی حکومت کو دیں گے اور وہ اپنے علاقے کا پراپرٹی ٹیکس جمع کرنا شروع کردیں گے تو یہ ان کے لئے ریونیو کا بڑا سبب بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے شہروں کے لئے جو ٹاؤن کا نظام اپنایا ہے اس سے ہمارے بڑے بڑے اضلاع کے مسائل نمٹنے میں مدد ملے گی، جب ان اضلاع میں مزید ٹاؤنز بنیں گے تو نمائندوں کو اتنے بڑے آبادی والے شہر کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے ایم کیو ایم کا نام لئے بغیر کہا کہ ہماری محنت اور کوشش کو کراچی کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ ایک جماعت کی 30 سال کی کارکردگی ایک طرف اور مرتضیٰ وہاب کی دو تین مہینے کی کارکردگی ایک طرف ہے اور جب پیپلز پارٹی پارٹی کا منتخب نظام ہوگا تو ہم مزید نتائج دکھا سکیں گے۔ بلاول نے عوام کو درپیش معاشی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک یہ آئی ایم ایف ڈیل اسی طرح سے چلتی رہے گی، اس وقت تک پاکستان کے عوام تکلیف میں ہوں گے اور ان کی غلط معاشی پالیسیوں کا بوجھ عوام مہنگائی کی صورت میں اٹھا رہے ہیں، ان کو ایکسپوز کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کی ذمے داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 دسمبر کو پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن اپنے اپنے علاقے میں پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف احتجاج کریں گے اور 17 تاریخ کو پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں اضلاع کی سطح پر احتجاج کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے بلدیاتی نظام پر کسی کو بھی لسانی سیاست نہیں کرنی چاہیئے، یہ لوگ ماضی میں بھی اس طرح کی سیاست کرتے رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن کی پابندیوں کی وجہ سے اس قانون کو جلدبازی میں پاس کرنا پڑا، ورنہ ہمارا ارادہ تھا کہ مردم شماری کے جھگڑے نمٹانے کے بعد اسی قانون کے حوالے سے ناصرف اپوزیشن بلکہ سول سوسائٹی کے اراکین سے مشاورت کرتے لیکن ہمیں 30 نومبر سے پہلے اسے منظور کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے اس قانون کو پڑھا نہیں ہے، ورنہ انہیں پتہ چلتا کہ اس قانون میں ایم کیو ایم اور تحریک انصاف سمیت مختلف جماعتوں کی ان تجاویز کو شامل کیا گیا ہے جس کا وہ ماضی میں وہ مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اس قانون کا خیرمقدم کرنے کے بجائے لسانیت کی غلط سیاست کررہی ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں لیکن انہیں بلدیاتی الیکشن میں پتہ چل جائے گا کہ اس شہر اور صوبے کے عوام الطاف حسین کی سیاست کو رد کر چکے ہیں اور الیکشن کے دن بھی رد کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 967525
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش