0
Thursday 9 Dec 2021 12:40

طاغوتی طاقتیں پیغمبر اسلام کے ماننے والوں کو بکھیرنا چاہتی ہیں، اسلم رضا

طاغوتی طاقتیں پیغمبر اسلام کے ماننے والوں کو بکھیرنا چاہتی ہیں، اسلم رضا
انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل خواجہ اسلم رضا نے کہا ہے کہ مذہب کے نام پر انتہاء پسندی کو فروغ دینا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ اسلام ہی دنیا کو امن و سلامتی کی ضمانت دیتا ہے۔ اُمت مسلمہ عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے اتباع رسول (ص) کا راستہ اختیار کرے۔ اہل حق قوت قرآن سے اسلام دشمن سازشوں کا مقابلہ کریں۔ کامل ایمان کیلئے محبت رسول (ص) دوسری تمام محبتوں پر غالب کرنا لازم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف طلبہ وفود سے گفتگو اور انجمن طلبہ اسلام کے نومنتحب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ اسلم رضا نے کہا کہ اہل حق عشق رسول کی ناقابل تسخیر طاقت سے اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کریں گے، سامراجی، استعماری اور طاغوتی طاقتیں پیغمبر اسلام کے ماننے والوں کو بکھیرنا چاہتی ہیں۔ تاجدار ختم نبوت کی عظمتوں کا جھنڈا تاقیامت سربلند رہے گا۔ محبت رسول کا چراغ ہر سینے میں روشن کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عشق رسول ہی اتحاد امت کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ کیا جائے۔ طلباء کی نظریاتی و سیاسی تربیت کیلئے طلباء یونینز کی بحالی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا اے ٹی آئی طلباء کے دلوں میں عشق رسول (ص) کے چراغ روشن کر رہی ہے۔ یارسول اللہ کہنے والے اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے کمر بستہ ہو جائیں۔ آنیوالا دور درود والوں کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسلامی نظریاتی تشخص کو ختم نہیں ہونے دیں گے۔ تاجدار ختم نبوت کی محبت کو ساری محبتوں پر غالب کرنے کی ضرورت ہے۔ ہماری عقیدتوں کا مرکز و محور گنبد خضریٰ کا مکیں ہے۔ پاکستان جیسے عطیہ خداوندی کی قدر کرنا ہوگی۔ ختم نبوت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
خبر کا کوڈ : 967623
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش