0
Thursday 9 Dec 2021 22:06

وفاقی حکومت گندم قیمت میں اضافہ کرکے عوام کیساتھ ظلم کر رہی ہے، مولانا عبدالسمیع

وفاقی حکومت گندم قیمت میں اضافہ کرکے عوام کیساتھ ظلم کر رہی ہے، مولانا عبدالسمیع
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے عوام کا اپنے حق کے لیے روڈ پر نکلنا خوش آئند ہے، تبدیلی سرکار جی بی کے عوام کو اندھیرے میں رکھ کر خود اسلام آباد کی روشنیوں میں مزے کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبدالسمیع نے مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی سے عوام پہلے ہی پریشان ہیں، وفاقی حکومت گندم کی قیمت میں اضافہ، ماہانہ طے شدہ کوٹے میں کٹوتی کرکے جی بی کے عوام کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے، ہم ان تمام عوام کش پالیسیوں کو عوام کی حمایت اور تائید سے مسترد کرتے ہیں۔ مولانا عبد السمیع کا کہنا تھا کہ مشیر خوراک نے اعلان کیا تھا کہ گندم کی قیمت میں اضافہ ہوا تو استعفیٰ دے دونگا، گذشتہ ایک ہفتے سے عوام سراپا احتجاج ہیں اور صوبائی حکومت غائب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر فلاپ ہوگئی ہے، مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، اٹھارہ گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کا عذاب عوام سہنے پر مجبور ہیں، کرائے پر حاصل کیے گئے تھرمل جنریٹر کا کوئی پتہ ہی نہیں۔ حکومت کا کام صرف اور صرف مشیران، کوارڈینٹر کی فوج بھرتی کرنا رہ گیا ہے۔ اب حکومتی حلقوں سے ہی حکومتی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کی جا رہی ہے، گذشتہ ایک سال میں تمام سارے بڑے ایام ایف سی این اے کے تحت منائے گئے ہیں، جبکہ صوبائی حکومت اپنے ناراض ساتھیوں کو منانے اور انھیں ایڈجسٹ کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر صوبائی حکومت نے ان مسائل کا حل جلد نہیں نکالا تو اس سے بھی شدید احتجاج پورے جی بی میں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 967703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش