QR CodeQR Code

امریکہ جبتک حقیقی طور پر عراق سے نکل نہیں جاتا، اس کیخلاف مزاحمتی کارروائیاں جاری رہینگی، نصر الشمری

9 Dec 2021 23:58

المیادین کیساتھ گفتگو میں ملک میں امریکی فوج کے جنگی مشن کے خاتمے کے اعلان کے جواب میں عراقی مزاحمتی تحریک النجباء کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے تاکید کی ہے کہ امریکہ کے کسی وعدے کا کوئی اعتبار نہیں!


اسلام ٹائمز۔ عراقی مزاحمتی تحریک النجباء کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نصر الشمری نے ملک میں امریکی افواج کے جنگی مشن کے خاتمے کے اعلان کے جواب میں تاکید کی ہے کہ ملک سے عقب نشینی کے بارے امریکی فوج کے کسی وعدے کا کوئی اعتبار نہیں۔ عراقی مشیر قومی سلامتی قاسم الاعرجی کی جانب سے جاری ہونے والے، ملک میں امریکی افواج کے جنگی مشن کے خاتمے سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے المیادین کے ساتھ گفتگو میں نصر الشمری کا کہنا تھا کہ اگر امریکی فوج نے جاری سال کے آخر تک عقب نشینی اختیار نہ کی تو اسے قابض کے علاوہ کسی دوسرے عنوان سے پہچانا نہ جائے گا جبکہ ہم امریکہ کے خلاف کھڑے ہونے والے ہر مزاحمتی گروہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کافی پہلے ہی کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک امریکی افواج حقیقی طور پر ملک سے نکل نہیں جاتیں، اس کے خلاف مزاحمتی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل النجباء نے عراق کے اندر قابض امریکی فوج پر حملے کو ایک عظیم افتخار قرار دیا اور کہا کہ ہم ہر اس ہاتھ کو چوم لیں گے جو امریکی فوج کو نشانہ بنائے گا۔ نصر الشمری نے کہا کہ ملک سے امریکہ کے مکمل انخلاء کا وقت قریب ہے جبکہ مدت کے خاتمے سے قبل اس پر مکمل عملدرآمد ہو جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمتی محاذ سال 2003ء تا 2011ء کے درمیانی عرصے جیسا مشکل وقت کبھی نہ دیکھے گا جبکہ اس وقت وہ اپنی تاریخ میں سب سے زیادہ طاقتور ہو چکا ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں کہا کہ مزاحمتی محاذ کا اصلی اسلحہ، اسلحے کے ساتھ موجود اس کا راسخ عقیدہ ہے جبکہ یہ کوئی ایسی چیز نہیں جو اس سے چھینی جا سکتی ہو!


خبر کا کوڈ: 967725

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/967725/امریکہ-جبتک-حقیقی-طور-پر-عراق-سے-نکل-نہیں-جاتا-اس-کیخلاف-مزاحمتی-کارروائیاں-جاری-رہینگی-نصر-الشمری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org