0
Friday 10 Dec 2021 23:54

کرم میں صرف چند عناصر بدامنی کا سبب بن رہے ہیں، سماجی و سیاسی رہنماء

کرم میں صرف چند عناصر بدامنی کا سبب بن رہے ہیں، سماجی و سیاسی رہنماء
اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم کے سیاسی و سماجی رہنماؤں نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں پچانوے فیصد لوگ امن چاہتے ہیں، صرف چند عناصر بدامنی کا سبب بن رہے ہیں، حکومت اس قسم کے عناصر کی حوصلہ شکنی کرے۔ پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان انقلابی پارٹی کے رہنماء مجاہد طوری، صدائے مظلومین کے رہنماؤں علامہ مزمل حسین، شفیق مطہری، سید مفید حسین میاں، مشہود علی اور تاجر رہنماء نذیر احمد نے کہا کہ ضلع کرم میں پانی، جنگل اور زر و زمین کے تنازعات کو فرقہ واریت کا رنگ دے کر علاقے کے امن کو سبوتاژ کیا جا رہا ہے۔ جو کسی صورت عوام کو قبول نہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ عوام مزید ناانصافی اور ظلم برداشت نہیں کرسکتے، اس لئے بدامنی کا موجب بننے والے عناصر کے خلاف موثر اقدامات اٹھائے جائیں اور مزید لاپرواہی اور غفلت سے گریز کیا جائے۔

رہنماؤں نے پیواڑ علیزئی اور گیدو قبائل کے مابین جنگل کا تنازعہ فوری طور پر حل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ لڑائی جھگڑے کسی مسئلے کا حل نہیں، انہوں نے کہا کہ ضلع کرم کے نوجوان امن چاہتے ہیں اور تمام قبائل مسالک کے لوگوں کو ساتھ ملا کر پائیدار امن کے قیام کیلئے راہ ہموار کرنا چاہیئے۔ رہنماؤں نے قبائل کے مابین مسائل کے حل میں غفلت برتنے والے افسران کے فوری تبادلے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنے اور ایک منصفانہ اور مضبوط کمیشن بنانے مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 967873
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش