0
Saturday 11 Dec 2021 10:22

وفاقی وزیرعلی زیدی کا برطانوی سکیورٹی کو تلاشی دینے سے انکار

وفاقی وزیرعلی زیدی کا برطانوی سکیورٹی کو تلاشی دینے سے انکار
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی المعروف علی زیدی نے برطانیہ میں وطن کی حرمت کا پرچم سربلند کرتے ہوئے برطانوی پارلیمنٹ میں جانے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق علی زیدی برطانیہ کے دورے پر ہیں، جہاں برطانوی پارلیمنٹ ارکان نے انہیں پارلیمنٹ آنے کی دعوت دی۔ علی زیدی ہاوس آف کامنز گئے جہاں پورٹیکلس ہاوس سے پارلیمنٹ جانیوالے راستے میں سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روک لیا۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے علی زیدی کو دس منٹ تک روکے رکھا، انہیں جیکٹ اُتار کر تلاشی دینے اور موبائل فون دکھانے کا کہا گیا، مگر علی زیدی نے یہ سب کرنے سے صاف انکار کر دیا۔

ذرائع کے مطابق علی زیدی نے کہا کہ وہ پاکستان کے رکن پارلیمنٹ اور وفاقی وزیر ہیں، جس کے باوجود برطانوی سکیورٹی اہلکار اپنے مطالبے پر قائم رہے۔ جس پرعلی زیدی نے پارلیمنٹ جانے کی بجائے واپس آ گئے۔ برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو واقعے کا علم ہوا تو انہوں نے علی زیدی کو فون کرکے معذرت کی اور کہا کہ پروٹوکول میں غلطی ہو گئی، جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس پر علی زیدی نے کہا کہ وہ یہاں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، ان کیساتھ ہونیوالا سلوک انکے وطن کی حرمت کا معاملہ ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 28 مارچ 2018ء میں امریکہ میں پاکستان کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کپڑے اتار کر تلاشی لی گئی تھی اور انہوں نے اس پر کوئی اعتراض بھی نہیں کیا تھا جبکہ امریکہ کے اس رویے پر پاکستانی عوام نے شدید الفاظ میں مذمت کی تھی اور اس رویے کو توہین آمیز قرار دیا تھا۔ جبکہ بھارتی میڈیا نے بھی اس ایشو کو خوب اچھالا تھا۔
خبر کا کوڈ : 967911
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش