QR CodeQR Code

کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھا جائے، عاصم افتخار

11 Dec 2021 11:37

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا اور چند دیگر ممالک کی جانب سے منصوبہ بندی کے تحت بیجنگ میں سرمائی اولمپکس 2022ء کا بائیکاٹ قابل مذمت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دفتر خارجہ نے امریکا اور چند دیگر ممالک کی جانب سے منصوبہ بندی کے تحت بیجنگ میں سرمائی اولمپکس 2022ء کے سفارتی بائیکاٹ پر تنقید کرتے ہوئے کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان کھیلوں کو سیاست کی نذر کرنے کا مخالف ہے اور امید رکھتا ہے کہ تمام ممالک کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بیجنگ میں جمع ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات ان رپورٹس پر تبصرہ کرتے ہوئی کی کہ امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور آسٹریلیا میزبان ملک کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ہانگ کانگ میں کریک ڈاؤن کے خلاف بیجنگ میں اپنے عہدیداران کو احتجاجاً نہیں بھیجیں گے۔ تاہم یہ ممالک اپنے ایتھلیٹس کو کھیلوں میں شرکت سے نہیں روکیں گے۔ سرمائی اولمپکس آئندہ سال 4 سے 20 فروری تک بیجنگ اور پڑوسی صوبے ہیبے کے قصبوں میں منعقد ہوں گے۔ چین نے بائیکاٹ کے اعلانات پر شدید ردعمل دیا تھا۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے "ٹھوس جوابی اقدامات" کی دھمکی دی تھی، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا تھا کہ کیا اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے امریکا پر کھیل میں سیاسی غیر جانبداری کے اصول کی خلاف ورزی کا بھی الزام لگایا تھا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیجنگ اولمپکس کی میزبانی میں چین کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کے باوجود بیجنگ سرمائی اولمپکس، پاکستان سمیت دنیا بھر کے کھیلوں کے شائقین کے لیے ایک شاندار اور رنگین گالا پیش کرے گا۔
پاکستان کی جانب سے بائیکاٹ پر تنقید امریکا کی میزبانی میں "جمہوریت سے متعلق کانفرنس" میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کے فوری بعد سامنے آئی ہے۔ اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ پاکستان نے ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ چین کو اس میں مدعو نہ کیے جانے کے باعث کیا ہے، جبکہ تائیوان مہمانوں کی فہرست میں شامل ہے۔
اس تاثر کو اس وقت مزید تقویت ملکی جب ژاؤ لیجیان نے ٹوئٹر پوسٹ میں پاکستان کے کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کو یہ کہتے ہوئے سراہا کہ "حقیقی فولادی بھائی"۔


خبر کا کوڈ: 967951

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/967951/کھیلوں-کو-سیاست-سے-الگ-رکھا-جائے-عاصم-افتخار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org