0
Saturday 11 Dec 2021 22:34

ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین مذاکرات اہم مرحلے میں داخل، تہران کی تجاویز پر غور

ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین مذاکرات اہم مرحلے میں داخل، تہران کی تجاویز پر غور
اسلام ٹائمز۔ ویانا میں ایرانی جوہری معاہدے کی بحالی پر ہونے والے مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ویانا میں ایران اور گروپ چار جمع ایک کے درمیان گذشتہ روز ہونے والے مذاکرات میں ایران کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر غور کیا گیا۔ گذشتہ ہفتے ایران نے پابندیوں کے خاتمے اور تہران کے وعدوں سے متعلق دو الگ الگ تجاویز کا مسودہ پیش کیا تھا۔ تہران کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر مذاکرات میں شریک یورپی ممالک نے اپنے ہاں ان پر بحث کیلئے مہلت مانگی تھی۔ گذشتہ روز ویانا میں ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین ہونے والے اہم مذاکرات میں تہران کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر غور کیا گیا۔ ایک وقفے کے بعد مذاکرات جمرات کے روز دوبارہ شروع ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز سے شروع ہونے والے مذاکرات میں تہران کی جانب سے پیش کیے گئے مسودے پر بحث ہوئی۔ مذاکرات میں شریک روسی نمائندے میخائیل الیانوف نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ایرانی تجاویز پر صحیح طریقے سے غور کیا جانا چاہیئے۔ ایرانی اعلیٰ مذاکرات کار علی باقری نے میڈیا کو بتایا کہ آج صورتحال اس سے مختلف تھی، جو میں نے گذشتہ جمعہ کو محسوس کیا تھا۔ میں نے آج محسوس کیا کہ فریقین میں موثر اور نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے سنجیدگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے موقف پر قائم ہے کہ واحد حل پابندیوں کا خاتمہ اور 2015ء کے معاہدے کی بحالی ہے۔

واضح رہے کہ 2015ء میں ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین تاریخی جوہری معاہدہ ہوا تھا، جس کے تحت ایرانی جوہری سرگرمیوں کو محدود کرنے کے عوض پابندیوں کو ختم کر دیا گیا تھا۔ بعد میں صیہونیت نواز سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کے دبائو میں آکر اس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم کر دیا اور تہران پر دوبارہ سے پابندیاں لگا دیں۔ ٹرمپ کی رخصتی کے بعد نئے امریکی صدر جو بائیڈن نے جوہری معاہدے کی بحالی پر اپنی آمادگی ظاہر کی، جس کیلئے ویانا میں ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین دوبارہ سے مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ امریکہ کے بغیر ہونے والے مذاکرات میں ایران کے علاوہ روس، چین، برطانیہ، فرانس اور جرمنی شریک ہیں۔
خبر کا کوڈ : 968059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش