0
Sunday 12 Dec 2021 09:31

شیعہ علماء کونسل نے علامہ فضل عباس قمی کی رہائی کیلئے 3 دن کی الٹی میٹم دیدیا

شیعہ علماء کونسل نے علامہ فضل عباس قمی کی رہائی کیلئے 3 دن کی الٹی میٹم دیدیا
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماء حافظ سید کاظم رضا نقوی نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ شیعہ کمیونٹی کیخلاف فی الفور انتقامی کارروائیاں بند کرکے لاپتہ افراد کو بازیاب کروایا جائے۔ شیخوپورہ میں پریس کانفرنس میں حافظ کاظم رضا نقوی کا کہنا تھا کہ جان بوجھ کر حالات کا رُخ بدامنی کی طرف موڑا جا رہا ہے، امن، اتحاد و یگانگت ہماری ترجیح ہے، جسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اس موقع پر میاں افتخار حسین جالندھری، قاسم علی قاسمی، مولانا جعفر حسین سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

حافظ کاظم رضا نقوی نے کہا کہ اداروں کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے، بیگناہ افراد کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند کرنا ہوگا، ورنہ ہم قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہیں کہ تین روز کے اندر اندر انجمن اسلامیہ مدینة العلم شیخوپورہ کے پرنسپل علامہ فضل عباس قمی کو رہا کیا جائے، اگر ان کو رہا نہ کیا گیا تو ہم راست اقدام پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس رویئے کی وجہ سے قوم میں اشتعال پایا جا رہا ہے، حکومت اور ادارے اپنی پالیسیوں پر توجہ دیں اور ان پر نظرثانی کریں کہ ایک ہی فرقے کو کیوں امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

شیعہ علماء کونسل لاہور کے صدر قاسم علی قاسمی کا کہنا تھا کہ شیعہ پاکستان کی پُرامن قوم ہے، ہم نے ہمیشہ جنازوں پر بھی کھڑے ہو کر ملک کے امن کی بات کی ہے، ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہی یہ ملک بنایا تھا اور اس کے بچانے میں بھی ہمارا ہی خون شامل ہے، اس کے باوجود ملت جعفریہ کیساتھ امتیازی سلوک افسوسناک ہے۔ انہوں ںے کہا کہ علامہ فضل عباس قمی ایک معزز عالم دین ہیں، ان کو اس طرح گھر سے اٹھا کر لے جانا علماء کی توہین کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وفاق المدارس کیساتھ طے کیا تھا کہ کسی عالم دین کیخلاف شکایت ہوگی تو وفاق المدارس کو اعتماد میں لے کر کارروائی کی جائے گی، مگر حکومت اپنے وعدے سے مُکر چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 968101
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش