QR CodeQR Code

ہندو انتہا پسندوں کو اقتدار سے باہر نکالنا ہوگا، راہل گاندھی

12 Dec 2021 20:40

کانگریس لیڈر نے کہا کہ ہندوتوادی اقتدار کے لئے کسی کو بھی مار یا کاٹ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو سچائی کی راہ پر چلتا ہے، مہاتما گاندھی بھی سچائی کا راستہ تلاش کرتے رہے۔


اسلام ٹائمز۔ کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی کو ہندو اور ناتھو رام گوڈسے کو ہندو انتہا پسند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو تباہ کرنے والے ہندوتوادیوں کو اقتدار سے باہر نکالنا ہوگا۔ آج جے پور میں مہنگائی ہٹاؤ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ہندو اور ہندوتوا کے درمیان فرق بتاتے ہوئے کہا کہ دو زندگیوں کی ایک روح نہیں ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح دو الفاظ کا ایک مطلب نہیں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو کبھی ڈرتا نہیں ہے، شیو کا زہر بھی پی لیتا ہے جبکہ ہندوتوا ڈر جاتا ہے اور ڈر کے سامنے جھک جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو کے دل میں محبت ہوتی ہے جبکہ ہندوتوا کے دل میں نفرت بھری پڑی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہندوؤں کا ہے ہندوتوادیوں کا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی ہندو ہوں لیکن ہندوتووادی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی سمیت تمام مسائل کی ذمہ دار ہندوتوادیوں کی حکومت ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوتوادی اقتدار کے لئے کسی کو بھی مار یا کاٹ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو سچائی کی راہ پر چلتا ہے، مہاتما گاندھی بھی سچائی کا راستہ تلاش کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ رامائن، مہا بھارت میں کہیں بھی غریب کو مارنے یا کمزوروں کو دبانے کے بارے میں نہیں لکھا گیا ہے۔ کسان تحریک کی بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوتوادی مودی نے کسانوں کی ’پیٹھ پر چھرا‘ مارا۔ انہوں نے کہا کہ ہندو کبھی بھی کسی کے پیٹھ پر چھرا نہیں مارے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم 700 شہید کسانوں کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کرنا چاہتے تھے جس کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ ان کے پاس شہید کسانوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں اس لئے وہ کسانوں کو کس بنیاد پر معاوضہ دے۔


خبر کا کوڈ: 968163

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/968163/ہندو-انتہا-پسندوں-کو-اقتدار-سے-باہر-نکالنا-ہوگا-راہل-گاندھی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org