0
Tuesday 14 Dec 2021 00:13

اسرائیلی وزیراعظم کی ابوظہبی میں ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ملاقات

اسرائیلی وزیراعظم کی ابوظہبی میں ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، جہاں اُنھوں نے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے آج ابوظہبی میں ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ سفارتی اور تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے لیے اسرائیلی سفیر عامر ہائیک نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ایران کی مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی تشویشناک سرگرمیاں بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ اسرائیلی اخبار ہایوم کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نفتالی بینیٹ ابوظہبی کے ولی عہد کو خطے میں ایران کی جانب سے اسلحہ اور ڈرون کے فروغ سے متعلق انٹیلی جنس معلومات فراہم کریں گے۔

تاہم یو اے ای میں اسرائیلی سفیر عامر ہائیک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نفتالی صرف ایران کے ایشو پر بات کرنے نہیں آئے ہیں، کئی اور حل طلب معاملات ہیں، جن پر گفتگو کی جائے گی۔ خیال رہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کی دوطرفہ تجارت 2021ء میں اب تک تقریباً 500 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو 2020ء میں 125 ملین ڈالر تھی اور توقع ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس امریکی ثالثی میں متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرلیے تھے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مسافر بردار اور تجارتی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 968372
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش