QR CodeQR Code

کوئٹہ، ویڈیو اسکینڈل سے متعلق قومی اصلاحی کمیٹی کی پریس کانفرنس

14 Dec 2021 16:29

ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی اصلاحی کمیٹی کے ارکان نے اس خدشہ کا اظہار کیا ہے کہ بااثر شخصیات ہدایت خلجی کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر حکام سے تفتیش میں تیزی لانے کی اپیل کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ قومی اصلاحی کمیٹی کے کنوینر علامہ علی حسنین حسینی، اراکین بریسٹر افتخار، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، پروفیسر عابدہ حیدری، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری ارباب لیاقت علی ہزارہ، شیعہ کانفرنس کے نائب صدر حاجی رمضان، ایچ ڈی پی کے جنرل سیکرٹری احمد کوہزاد، ماسٹر اعجاز اور دیگر اراکین نے آج کوئٹہ میں ویڈیو اسکینڈل کیس سے متعلق اہم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے بلوچستان کی روایات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ہمیشہ خواتین کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔ قبائلی افراد جنگ کی صلح کیلئے خاتون کو لے جاتے تو دیگر گروہ احتراماً جنگ ختم کردیا کرتے تھے۔ مگر بہت افسوس کی بات ہے کہ اسی صوبے میں خواتین کی بدترین تذلیل ہوئی ہے۔

انہوں نے میڈیا کو کوئٹہ ویڈیو اسکینڈل کیس کے متعلق بتایا کہ ہدایت خلجی نے جس طریقے سے بلوچستان کی عورتوں کی عزت کو پامال کیا ہے، اسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس نے نہ صرف خواتین کو برہنہ کرکے ویڈیوز بنائیں، بلکہ انہیں مسلسل بلیک میل کرکے عصمت دری پر مجبور بھی کیا اور انکی ویڈیوز سوشل میدیا پر بھی ڈالی۔ قومی اصلاحی کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ اس جرم میں ملوث ہدایت خلجی کو طاقتور اور بااثر شخصیات کی حمایت حاصل ہے، جسکی وجہ سے ہمیشہ اندیشہ ہے کہ وہ اس سفاک مجرم کو اپنی طاقت کا استعمال کرکے بچا لیں گے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، آئی جی پولیس محمد طاہر رائے اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے اپیل کی کہ جلد از جلد ویڈیو اسکینڈل کیس سے متعلق تحقیقات مکمل کرکے، اس جرم میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کرلیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں کوئٹہ اصلاحی کمیٹی کے اراکین نے کہ خلجی قبائل کے سربراہ یوسف خلجی بھی ہمارے پاس آئیں تھے، جنہوں نے ہدایت خلجی کو اپنی قوم سے نکال دیا ہے۔ ہدایت جیسے سفاک مجرم کا تعلق کسی بھی قوم سے نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 968472

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/968472/کوئٹہ-ویڈیو-اسکینڈل-سے-متعلق-قومی-اصلاحی-کمیٹی-کی-پریس-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org