QR CodeQR Code

عبوری صوبہ گلگت بلتستان کا حل نہیں، آزاد کشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے، مولانا عبد السمیع

14 Dec 2021 21:10

اسلام آباد میں جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی جی بی کا کہنا تھا کہ حکمران کم وسائل والے علاقوں پر رحم کریں، وزراء، مشیران اور کوآرڈنیٹرز کی فوج ظفر موج کو کم کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے امیر مولانا عبد السمیع نے کہا ہے کہ حکومت نے گندم سبسڈی ختم کی تو عوامی قوت سے بھرپور مزاحمت کریں گے۔ حکومت گندم کی قیمت میں اضافہ کی پالیسی کو ترک کرے، یہ جی بی کے عوام کا بنیادی حق ہے۔ عبوری آئینی صوبہ گلگت بلتستان کا حل نہیں، جی بی کے عوام کو آزاد کشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے اراکین جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے سیکرٹری جنرل نظام الدین سمیت دیگر راہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور جی بی کے مسائل پر روشنی ڈالی۔

مولانا عبد السمیع نے کہا کہ جی بی کے عوام اندھیرے میں جبکہ اسلام آباد کے حکمران روشنیوں کا مزہ لوٹ رہے ہیں۔ حکمرانوں نے جی بی کے عوام سے جینے کا حق چھین لیا، آٹے کے نام پر بھوسہ کھلایا جا رہا ہے، یہاں کے اداروں میں رشوت عام جبکہ میرٹ کو ختم کر دیا گیا ہے۔ حکومت کو اس اہم ایشو پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ جی بی سی پیک کا گیٹ وے ہے لیکن سی پیک کے تمام منصوبوں میں اسے نظر انداز کیا گیا ہے، سی پیک میں شامل بجلی کے منصوبوں کو جی بی منتقل کیا جائے۔ حکمران کم وسائل والے علاقوں پر رحم کریں، وزراء، مشیران اور کوآرڈنیٹرز کی فوج ظفر موج کو کم کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 968526

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/968526/عبوری-صوبہ-گلگت-بلتستان-کا-حل-نہیں-ا-زاد-کشمیر-طرز-سیٹ-اپ-دیا-جائے-مولانا-عبد-السمیع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org