QR CodeQR Code

تبلیغی جماعت سے پابندی ہٹائی جائے، متحدہ مجلس علماء کشمیر

15 Dec 2021 20:29

اجلاس میں تمام پبلشرز اور نصاب بنانے والے افراد، کمیٹیوں اور ڈائریکٹر ایجوکیشن سمیت ایجنسیوں کو تاکید کی گئی کہ نصاب مرتب کرنے سے قبل اسلامی تعلیمات اور عقائد و اعمال کے تعلق سے مستند علمائے اسلام سے رجوع کریں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ مجلس علماء کشمیر نے سعودی عرب حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ تبلیغی جماعت پر لگائی گئی پابندی پر نظرثانی کرے۔ مجلس کا ایک اجلاس سرکردہ عالم دین مفتی نذیر احمد قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس موقعہ پر کشمیری سماج کو درپیش مختلف النوع مسائل و معاملات کے حل اور یکسوئی کیلئے مجلس کے زیر اہتمام ایک ذیلی کمیٹی بنانے کی تجویز رکھی گئی۔ اجلاس میں جو قرارداد پیش کی گئی اس کی روشنی میں سعودی عرب کی جانب سے خالص دینی اور دعوتی تحریک، تبلیغی جماعت پر پابندی کے خلاف فکر و تشویش کا اظہار کیا گیا اور سعودی عرب سے اپیل کی گئی کہ وہ  اپنے اس فیصلے پر نظرثانی کرے۔ اجلاس میں دہلی کے ایک پبلشر کی جانب سے ساتویں جماعت کی History and Civics کی کتاب میں اسلام کی شبیہ مسخ کرنے پر شدید فکر و تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں تمام پبلشرز اور نصاب بنانے والے افراد، کمیٹیوں اور ڈائریکٹر ایجوکیشن سمیت ایجنسیوں کو تاکید کی گئی کہ نصاب مرتب کرنے سے قبل اسلامی تعلیمات اور عقائد و اعمال کے تعلق سے مستند علمائے اسلام سے رجوع کریں۔

اجلاس میں ملی اتحاد کو موجودہ وقت کی شدید ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے تمام مسالک اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے علماء، ائمہ، واعظین اور دینی تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ اسلام دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے وسیع تر ملی اتحاد کی خاطر اپنے وعظ و تبلیغ اور خطابات کے دوران اصولیات دین کی تبلیغ و تشہیر اور کشمیری سماج کو درپیش گوناگوں سماجی اور ملی مسائل کو اجاگر کرکے ان کے حل کو ترجیح دیں نہ کہ جزوی، فروعی اور صدیوں پر محیط چلے آرہے مسلکی اختلافات اور مسائل کو ہوا دینے کی۔ اس دوران نام نہاد این جی اوز کی جانب سے یتیم  بچوں کی خرید و فروخت کے سکینڈل کی مذمت کی گئی۔ معتبر یتیم خانوں کے ذمہ داروں سے گزارش کی گئی کہ اس ضمن میں مجلس علماء کی طرف سے ذیلی کمیٹی جو سفارشات پیش کرے گی ان پر عمل کرنے کی جائے۔ ائمہ مساجد و موذنین اور مدارس و مکاتب کے مدرسین کی مالی حالت اور معاشی صورتحال یقینا قابل رحم ہے جسکی جانب فوری توجہ کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 968616

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/968616/تبلیغی-جماعت-سے-پابندی-ہٹائی-جائے-متحدہ-مجلس-علماء-کشمیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org