QR CodeQR Code

عوام وزیراعلیٰ خالد خورشید کے احسانات تا دیر یاد رکھیں گے، سید علی رضوی، کاظم میثم

15 Dec 2021 22:31

سکردو میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پہلی مرتبہ حلقہ نمبر 2 کی پسماندگی دور کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، اس سے قبل کسی حکومت نے حلقہ نمبر 2 کی تعمیر و ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل سید علی رضوی اور صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم نے کہا ہے کہ گمبہ سکردو کو سب ڈویژن کا درجہ دیکر وزیراعلیٰ خالد خورشید نے عوام کا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا۔ وزیراعلیٰ حلقہ نمبر 2 کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، جس کا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے حلقہ نمبر 2 کو پونے دو ارب روپے کی ترقیاتی سکیمیں دی ہیں۔ سکردو میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پہلی مرتبہ حلقہ نمبر 2 کی پسماندگی دور کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، اس سے قبل کسی حکومت نے حلقہ نمبر 2 کی تعمیر و ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی۔ وزیراعظم کے جلسے میں سکردو حلقہ نمبر 2 کے عوام بھرپور طریقے سے شرکت کرکے اہم پراجیکٹس دینے پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ خالد خورشید کا شکریہ ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سکردو حلقہ نمبر 2 کی سڑکیں پکی کی جا رہی ہیں۔ دو بائی پاسز کی تعمیر کیلئے بھی سنجیدہ اقدامات ہو رہے ہیں، ان بائی پاسز کی تکمیل سے علاقے میں لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خالد خورشید کا شکریہ کہ انہوں نے ہمارے ہاں آکر سب ڈویژن کا نوٹیفیکشن ہمارے حوالے کیا اور بہت بڑے علاقے کو میونسپلٹی میں شامل کرنے کی بھی منظوری دی۔ دونوں بڑے اقدامات سے عوام بڑے خوش ہیں، عوام وزیراعلیٰ کے احسانات تا دیر یاد رکھیں گے۔


خبر کا کوڈ: 968683

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/968683/عوام-وزیراعلی-خالد-خورشید-کے-احسانات-دیر-یاد-رکھیں-گے-سید-علی-رضوی-کاظم-میثم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org