QR CodeQR Code

وزیر اعظم سے پہلے نون لیگ نے جگلوٹ سکردو روڈ کا افتتاح کر دیا

15 Dec 2021 22:46

بدھ کے روز مسلم لیگ نون کے سنٹرل سیکریٹریٹ گلگت سے ریلی کی شکل میں سابق وزیر اعلی حفیظ الرحمن پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ عالم برج پہنچ گئے۔ گلگت شہر سے عالم برج تک نکالی گئی ریلی میں پارٹی کارکنوں اور مقامی قائدین شریک ہوئے۔ عالم برج کے مقام پر سابق وزیر اعلیٰ نے فیتہ کاٹ کر گلگت سکردو روڈ کا علامتی افتتاح کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم سے پہلے ہی نون لیگ نے جگلوٹ سکردو روڈ کا علامتی افتتاح کر دیا۔ سابق وزیر اعلی و صوبائی صدر مسلم لیگ نون حفیظ الرّحمٰن نے پارٹی کی مقامی قیادت کے ہمراہ جگلوٹ، سکردو روڈ کا علامتی افتتاح کیا۔ بدھ کے روز مسلم لیگ نون کے سنٹرل سیکریٹریٹ گلگت سے ریلی کی شکل میں سابق وزیر اعلی حفیظ الرحمن پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ عالم برج پہنچ گئے۔ گلگت شہر سے عالم برج تک نکالی گئی ریلی میں پارٹی کارکنوں اور مقامی قائدین شریک ہوئے۔ عالم برج کے مقام پر سابق وزیر اعلیٰ نے فیتہ کاٹ کر گلگت سکردو روڈ کا علامتی افتتاح کیا۔ اس موقع پر عوام اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن کا کہنا تھا کہ گلگت سکردو روڈ قائد پاکستان محمد نواز شریف کا بلتستان کے عوام کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے، جس کا آج ہم شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی وجہ سے 9 گھنٹے کی مسافت طے کرنے والے خطرناک راستے کا سفر اب ساڑھے 3 گھنٹے میں طے ہوگا۔ حفیظ الرحمن نے کہا کہ پی، ٹی، آئی کی کٹھ پتلی حکومت کا اپنا دیا ہوا کوئی پراجیکٹ نہیں ہے، نیازی کے آنے کی ضرورت نہیں تھی لیکن اگر آ رہا ہے تو آئینی صوبہ و دیگر اعلانات کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ شاہراہیں، موٹرویز نون لیگ کی پہچان ہے، گلگت سکردو روڈ منصوبے کا پی سی فور اس وقت التوا میں پڑا ہے، یہ حکومت مہربانی کرے کہ شاہراہ بلتستان کا پی سی فور منظور کرے۔ انہوں نے کہا کہ سکردو ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا درجہ دینے کا اعلان ڈھونگ ہے۔ ایک طرف سے انٹرنشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کرنے کی بات ہو رہی ہے جبکہ دوسری جانب لاہور سے سکردو اور کراچی سے سکردو آنے والی فلائٹس بند کر دی گئی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 968686

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/968686/وزیر-اعظم-سے-پہلے-نون-لیگ-نے-جگلوٹ-سکردو-روڈ-کا-افتتاح-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org