0
Wednesday 15 Dec 2021 23:20

لسانیت ہم نہیں پیپلز پارٹی پھیلا رہی ہے، عامر خان کا الزام

لسانیت ہم نہیں پیپلز پارٹی پھیلا رہی ہے، عامر خان کا الزام
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء عامر خان نے پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لسانیت ہم نہیں آپ پھیلا رہے ہیں، آپ کے رہنماء نے کوٹہ سسٹم شروع کیا تھا۔ سندھ بلدياتی ترميمی آرڈيننس کيخلاف متحدہ قومی موومنٹ پاکستان بھی سڑکوں پر آگئی۔ کراچي کے ريگل چوک پر خواتین کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے پيپلزپارٹی پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ لسانيت ہم نہيں آپ پھيلارہے ہيں، آپ کے رہنماء (سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو) نے کوٹہ سسٹم شروع کيا تھا، جذبات ميں آکر آپ کے منہ سے جھاگ نکل رہے ہيں۔

عامر خان نے پوچھا کہ سعيد غنی بتائيں 2008ء ميں ایم کیو ایم کے پاس حکومت ميں شموليت کی بھيک کيوں مانگنے آئے تھے۔ پی پی چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری صاحب جتنی آپ کی عمر ہے اتنی ہم نے جیلیں کاٹی ہیں، دو عملی سیاست نہیں چلے گی، لاڑکانہ اور دادو سمیت سب کو حق دیا جائے۔ سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹی اور جعلی اکثریت سے سندھ کا نیا بلدیاتی قانون پاس کرایا گیا ہے، ہم اس کالے قانون کو مسترد کرتے ہیں، صوبے کی اہم جماعتیں اس کالے قانون کو مسترد کرچکی ہیں۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی متعصب شہری سندھ دشمن حکومت کو آخر اختیارات دینے میں کیا مسئلہ ہے، پیپلز پارٹی کی نسل پرست حکومت پچھلے 13 سالوں سے سندھ میں راج کر رہی ہے، یہ سندھ کو لوٹ رہی ہے، یہ نسل پرست حکومت کراچی سے ہر سال 400 ارب کا ٹیکس وصول کرتی ہے اور اتنا ہی پیسہ اس حکومت کے راشی افسران و وزیر رشوت کی عوض میں وصول کرتے ہیں، اس کے بعد بھی کراچی کے لوگ بل ادا کرتے ہیں اور بازار سے خرید کر پانی پیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2001ء کا قانون ایک آمر کا بنایا ہوا تھا ہم وہ قانون راج نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ سارے دن اٹھارویں ترمیم کا ذکر کرتے ہوئے نہیں تھکتے، اس ہی اٹھارویں ترمیم پاکستان کے عوام کو یہ شورٹی دی گئی ہے کہ صوبائی حکومتیں سیاسی انتظامی اور مالی اختیارات بلدیات کے حوالے کریں گی اور آپ وہ کرنے کو تیار نہیں، آپ سمجھتے ہیں کراچی کے لوگ صرف آپ کو ٹیکس دینے کیلئے ہیں، یہ کراچی کی بہنیں اور کراچی کے لوگ آپ سے کوئی ناجائز مطالبہ نہیں کر رہے بلکہ یہی مطالبہ ہے جیسے پوری دنیا میں بلدیاتی مسائل کو بلدیاتی ادارے کنٹرول کرتے ہیں، آپ یہ اختیار کراچی کے عوام کو اس لئے نہیں دینا چاہتے کیونکہ آپ کو کراچی میں لوٹ مار کرنی ہے یہ آپ کا پرانا وطیرہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 968695
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش